پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد سے خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 15 دہشتگرد ہلاک کردئیے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب خوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا گیا،سکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور صبر و تحمل سے خوارج کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
سکیورٹی فورسز کی کارروائی 36 گھنٹے تک جاری رہی ، اس دوران 15 بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج ہلاک ہوگئے،کلیئرنس آپریشن کے دوران ہلاک خوارج سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔علاقے میں مزید بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم مزید بے نقاب ہوگئے، افغان طالبان حکومت دہشت گردوں کو افغان سرزمین کے استعمال سے روکنے میں مکمل ناکام رہی۔
جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ افغان طالبان حکومت مؤثر سرحدی انتظام اور بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے میں مسلسل ناکام ہے،پاکستانی سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے عزم پر ثابت قدم اور غیرمتزلزل ہیں۔غیرملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
صدر اور وزیراعظم کا سکیورٹی فورسز کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے صدر مملکت نے 15 بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کو سراہا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین۔
صدر مملکت نے 15 بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کو سراہا۔
وطنِ عزیز کی…
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) September 3, 2026
آصف علی زرداری کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ وطنِ عزیز کی سرحدوں کے دفاع اور امن و استحکام کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کا عزم قابلِ تحسین ہے،بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کو پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے بھی شمالی وزیرستان کے قریب پاک افغان سرحد پر فتنتہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے خوارج کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے اور 15 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسروں اور جوانوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت، صبر اور جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک سیکیورٹی فورسز کی انسدادِ دہشت گردی کی “عزمِ استحکام” مہم پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔پوری قوم کو اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے جو ملکی سرحدوں کے دفاع اور وطن کی سلامتی کے لیے برسرِ پیکار ہیں۔



