کوئٹہ: اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، صوبائی کابینہ اور اپوزیشن اراکین سے ملاقات کی۔
ملاقات میں صوبے کی مجموعی صورتحال، سیاسی معاملات اور باہمی تعاون سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ بلوچستان سے ان کا تعلق صرف سیاسی نہیں بلکہ جذباتی اور خاندانی بھی ہے۔ بلوچستان ان کیلئے اجنبی نہیں، یہاں کے لوگوں سے دیرینہ اور گہرا تعلق ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان آکر ہمیشہ اپنائیت اور محبت کا احساس ہوتا ہے اور وہ صوبے کے عوام کی محبت اور خلوص کے ہمیشہ معترف رہے ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بلوچستان کے تمام اراکین اور ہر فرد کیلئے ان کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔
بلوچستان پاکستان کا اہم صوبہ ہے اور بلوچستان کی ترقی دراصل پورے پاکستان کی ترقی ہے، بلوچستان کے دورے پر آکر انہیں ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ اپنے گھر آئے ہوں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اسپیکر ایاز صادق کی کوئٹہ آمد کو باعثِ مسرت اور عزت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان باہمی احترام کی روایت قائم ہے۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان اسمبلی میں تنقید کے باوجود اخلاقی اقدار اور احترام کی مضبوط روایات موجود ہیں۔ حکومت اور اپوزیشن اراکین کا ایک ساتھ بیٹھنا مثبت سیاسی کلچر کا مظہر ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت اوراپوزیشن کے درمیان باہمی احترام کا ماحول مہمانوں کو بلوچستان کا مثبت پیغام دیتا ہے۔


