کراچی، سندھ پولیس نے خواتین قیدیوں کی عدالتوں میں پیشی کے دوران فوری اور واضح شناخت یقینی بنانے کیلئے خصوصی شناختی جیکٹس متعارف کرا دی ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ اقدام خواتین قیدیوں کو دیگر افراد سے الگ شناخت کرنے اور پیشی کے دوران سیکیورٹی انتظامات مزید مؤثر بنانے کیلئے کیا گیا ہے۔
سندھ پولیس کے مطابق خصوصی شناختی جیکٹس خواتین قیدیوں کو فراہم کی گئی ہیں، جن کے ذریعے عدالتوں میں پیشی کے دوران متعلقہ اہلکاروں کیلئے خواتین قیدیوں کی فوری شناخت ممکن ہوگی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد قیدیوں کی نقل و حرکت کے دوران سیکیورٹی خطرات کو کم کرنا اور حفاظتی انتظامات کو بہتر بنانا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق عدالتوں میں قیدیوں کی پیشی ایک حساس مرحلہ ہوتا ہے، جس کے دوران قیدیوں کی شناخت اور نگرانی خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔
خواتین قیدیوں کیلئے مخصوص جیکٹس کے استعمال سے سیکیورٹی اہلکاروں کو انہیں فوری طور پر شناخت کرنے اور ان کی نگرانی میں آسانی ہوگی۔
دوسری جانب ہائی رسک قیدیوں کی محفوظ نقل وحرکت کیلئے سندھ پولیس کو 50 نئی ہتھکڑیاں بھی فراہم کی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق نئی ہتھکڑیاں ایسے قیدیوں کی منتقلی اور عدالتوں میں پیشی کے دوران حفاظتی اقدامات کو مضبوط بنانے میں مدد دیں گی۔
سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں اقدامات قیدیوں کی عدالتوں میں پیشی کے دوران سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کیلئے کیے گئے ہیں۔


