محکمہ موسمیات نے جمعرات 3 ستمبر 2026 کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم بالائی علاقوں میں کہیں کہیں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی سمیت بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں 3 سے 6 ستمبر کے دوران بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے۔
4 اور 5 ستمبر کو بالخصوص پوٹھوہار ریجن اور اسلام آباد میں بارش کا سلسلہ شدت اختیار کرسکتا ہے، جبکہ بعض مقامات پر شدید سے انتہائی شدید بارش بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، اٹک، لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات، نارووال، شیخوپورہ، منڈی بہاؤالدین، وزیرآباد، حافظ آباد اور دیگر علاقوں میں 3 سے 5 ستمبر تک بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی 3 ستمبر کی شام/رات سے 5 ستمبر تک بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں شدید بارش متوقع ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی 3 سے 6 ستمبر کے دوران بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، مردان، صوابی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بھی موجود ہے۔
⚠️ WEATHER ALERT (Sept 3–6) 🌧️⚡
Heavy monsoon rains forecast for Islamabad, Rawalpindi, Upper Punjab, KP, Kashmir & GB.
🚨 Risks:
Urban Flooding (Sept 4–5): Isb/Rwp, Lahore, Peshawar, Sialkot, Gujranwala
Flash Floods & Landslides: KP, Kashmir, GB, Murree & Galliyat#RainAlert pic.twitter.com/EcqDCucoSL— Pak Met Department محکمہ موسمیات (@pmdgov) September 2, 2026
عوام، سیاحوں اور مسافروں کو موسم کی صورتحال کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ضروری حفاظتی اقدامات کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔


