وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پانی ہمارے خطے کی زندگی اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کی ضمانت ہے، پانی کو سیاسی مقاصد یا دباؤ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا ناقابل قبول ہے۔
بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم عالمی امن واستحکام کے لیے اہم پلیٹ فارم ہے ،ایس سی او کے 25 سال مکمل ہونا اہم سنگ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایس سی او کی ترقیاتی حکمت عملی 2035 پر عملدرآمد ضروری ہے، ایس سی او ترقیاتی بینک کا قیام اہم قدم ثابت ہوگا، پاکستان کی ایس سی او چیئرمین شپ میں توانائی اور آئی ٹی کو ترجیح دی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم عالمی امن واستحکام کے لیے اہم پلیٹ فارم ہے ،ایس سی او کے 25 سال مکمل ہونا اہم سنگ میل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ایس سی او چیئرمین شپ میں صحت، ثقافت اور کھیل کی ترجیحات میں شامل ہیں ،پاکستان غربت کے خاتمے اورسماجی تحفظ کے فروغ کیلئے کردار جاری رکھے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان تنازعات کے پرامن حل اور بین الاقوامی قانون پر یقین رکھتا ہے، پاکستان نے علاقائی بحران کے دوران امن کیلئے مؤثر کردار ادا کیا، پاکستان خطے میں امن کے لیے اپنی کوشش جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حال ہی میں مکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تاہم یہ دفاعی معاہدہ کسی ملک یا ریاست کے خلاف نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایس سی او خطے میں تین ارب سے زائد افراد آباد ہیں، علاقائی رابطہ کاری اب انتخاب نہیں بلکہ تزویراتی (اسٹریٹجک) ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پانی ہمارے خطے کی زندگی اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کی ضمانت ہے، پانی کو سیاسی مقاصد یا دباؤ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا ناقابل قبول ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ غزہ اور مغربی کنارے میں انسانی المیہ ناقابل تصور مصائب کا باعث ہے، عالمی برادری فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کا احترام کرے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانیاں دیں جبکہ اس سے پاکستان کو 150 ارب ڈالر سے زائد کا معاشی نقصان ہوا، پاکستان پرامن ،مستحکم اور خوشحال افغانستان کا خواہاں ہے، دہشت گردوں کو افغان سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہیں کرنے دی جا سکتی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سی پیک علاقائی معیشتوں کو بحرہ عرب سے جوڑنے کا اہم ذریعہ ہے، پاکستان علاقائی ریل،سڑک اور توانائی منصوبوں کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔
قبل ازیں شنگھائی تنظیم سربراہان مملکت کونسل کے اجلاس کے اعلامیے پر دستخط کی تقریب کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ہوئی۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان 27-2026 کیلئے شنگھائی تتاون تنظیم (ایس سی او) سربراہان مملکت کونسل کی صدارت سنبھالے گا، وزیراعظم شہباز شریف نے ایس سی او اجلاس کے اعلامیے پر دستخط کیے۔



