کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سوشل میڈیا پر اپنی منگنی اور شادی سے متعلق زیرگردش خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کچھ نہیں ہوا اور نہ ہی وہ کسی پرنسز گلوریا کو جانتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر چیئرمین پیپلز پارٹی کی منگنی کی افواہوں کے بعد بلاول بھٹو نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ سوشل میڈیا نے ان کی بات پکی کروا دی اور منگنی کے ساتھ شادی بھی کروا دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ان کی زندگی میں شادی یا اس حوالے سے کوئی فیصلہ ہوا تو ان کا خاندان خود اس کا اعلان کرے گا۔ سوشل میڈیا پر اس طرح کے تماشے حقیقی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے کیے جاتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے پمز سانحے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں 14 بچے جاں بحق ہوئے، تاہم ایک وزیر ایسا ہے جو پاکستان کا گورباچوف بننا چاہتا ہے اور ملک کے 30 ٹکڑے کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ وزیر ایک اسپتال نہیں سنبھال سکتا لیکن لاہور کے بزنس مینوں سے کہہ رہا ہے کہ صوبے بناؤ اور چلاؤ۔ سندھ اسمبلی اس معاملے پر جرأت مندانہ مؤقف لے رہی ہے۔ ایسی باتیں نہ سڑک پر ہوسکتی ہیں اور نہ ہی لاہور کے بزنس فورم پر۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان میں سب سے پہلے شامل ہونے والی اسمبلی، یعنی سندھ اسمبلی، میں بھی اس معاملے پر بات ہوچکی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر بلاول بھٹو کی منگنی کی خبریں گردش کر رہی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ بلاول بھٹو کی منگنی یورپ کے ایک چھوٹے مگر معروف ملک لیختن شٹائن کے دارالحکومت واڈوز کی ایک ممتاز شخصیت یا آسٹرین شاہی خاندان سے وابستہ خاتون کے ساتھ طے پائی ہے۔
خبروں میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اپنے اہلخانہ کے ہمراہ تاریخ اور دیگر امور طے کرنے کے لیے یورپ پہنچے ہیں۔ تاہم پیپلز پارٹی کے ترجمان کی جانب سے ان تمام خبروں اور افواہوں کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا گیا تھا۔


