راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال کے ڈاکٹرز نے بڑا کارنامہ انجام دیتے ہوئے 5سالہ بچے کے کٹے ہوئے ہاتھ کو کامیابی سے دوبارہ جوڑ کر ری پلانٹیشن سرجری مکمل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کے رہائشی پانچ سالہ بچے کا ہاتھ ٹوکے کے وار سے جسم سے مکمل طور پر الگ ہوگیا تھا،بچے کو 28اگست کو ہولی فیملی اسپتال لایا گیا۔
شعبہ پلاسٹک سرجری کے ڈاکٹر طیب اور ڈاکٹر امبرین کی سربراہی میں ڈاکٹرز کی ٹیم نے فوری آپریشن کا فیصلہ کیا،بچے کے ہاتھ کو پیچیدہ مائیکرو ویسکیولر سرجری کے ذریعے کامیابی سے واپس جوڑدیا گیا۔
سرجری کے دوران خون کی شریانوں، رگوں اور دیگر اہم ساختوں کو انتہائی باریک تکنیک کے ذریعے بحال کیا گیا جس سے خون کی روانی بحال ہوئی۔
ڈاکٹرز کے مطابق کم عمر بچے میں ہاتھ کی ری پلانٹیشن ایک انتہائی پیچیدہ اور وقت طلب سرجری ہوتی ہے،بروقت ریفرل، مناسب طریقے سے محفوظ کیا گیا کٹا ہوا عضو اور ماہر مائیکرو سرجیکل ٹیم انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ڈاکٹرز نے مزید کہا کہ اگر حادثے میں جسم کا کوئی عضو کٹ جائے تو اسے براہِ راست برف پر رکھنے کے بجائے صاف پلاسٹک بیگ میں محفوظ کرلیں،بیگ کو برف والے دوسرے برتن میں رکھیں اور مریض کو فوری طور پر ایسے مرکز میں منتقل کریں جہاں مائیکرو سرجری کی جاتی ہو۔



