ملک میں سونے کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور آج بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونا 1800 روپے سستا ہوگیا۔
یاد رہے کہ کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں نمایاں کمی ہوئی تھی اور فی تولہ سونا 15 ہزار 100 روپے سستا ہوگیا تھا۔
گزشتہ کاروباری روز سونے کی قیمت میں ہونے والی کمی کے بعد آج بھی قیمت میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 66 ہزار 136 روپے تک پہنچ گئی۔
دوسری جانب 10 گرام سونے کی قیمت بھی کم ہوئی ہے اور 1543 روپے کی کمی کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 99 ہزار 636 روپے کا ہوگیا۔
واضح رہے عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں معمولی کمی، امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، شرح سود سے متعلق توقعات اور سرمایہ کاروں کے رجحانات جیسے عوامل مقامی مارکیٹ پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں۔ عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں معمولی کمی یا اضافہ پاکستان سمیت مختلف ممالک کی مقامی منڈیوں میں بھی فوری طور پر منتقل ہو جاتا ہے۔
صرافہ ڈیلرز کے مطابق اگر عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت مزید نیچے آتی ہے تو مقامی مارکیٹ میں بھی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان موجود ہے، تاہم عالمی سطح پر معاشی یا سیاسی غیر یقینی صورتحال میں اضافہ ہونے کی صورت میں سونے کی قیمت میں دوبارہ اضافہ ہو سکتا ہے۔



