پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ کے خلاف برمنگھم میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ کے لیے قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں بڑی تبدیلیاں کردی ہیں۔
پی سی بی کے مطابق لارڈز ٹیسٹ کے اختتام پر 7 کھلاڑیوں کو اسکواڈ سے ریلیز کردیا گیا، جن میں محمد رضوان، امام الحق، سلمان علی آغا، عامر جمال، علی عثمان، محمد اویس ظفر اور خرم شہزاد شامل ہیں۔
برمنگھم ٹیسٹ کے لیے اسکواڈ میں 7 متبادل کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے، متبادل کھلاڑیوں میں 5 کھلاڑی پہلی دفعہ ٹیسٹ اسکواڈ کاحصہ بنیں گے۔
نئے اسکواڈ میں بیٹرز صائم ایوب اور عبداللہ فضل کے علاوہ آل راؤنڈر عرفات منہاس اور لیفٹ آرم فاسٹ بولر محمد عمران جونیئر کو بھی طلب کیا گیا ہے۔
وکٹ کیپر بیٹر سعد بیگ جبکہ رائٹ آرم آل راؤنڈرز محمد عمران اور رضا اللہ بھی اسکواڈ کا حصہ بن گئے ہیں۔
برمنگھم ٹیسٹ کیلئے پاکستان کا اسکواڈ
بابر اعظم (کپتان)، عبداللہ فضل، عرفات منہاس، اذان اویس، محمد عباس، محمد علی، محمد عمران، محمد عمران جونیئر، غازی غوری (وکٹ کیپر)، رضا اللہ
سعد بیگ (وکٹ کیپر)، صائم ایوب،ساجد خان،سعود شکیل، شان مسعود اور عبید شاہ اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
کوچنگ اسٹاف میں بھی تبدیلی
پی سی بی کے مطابق کوچنگ اسٹاف میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔ سرفراز احمد اور عمر گل کو ریلیز کردیا گیا ہے، جبکہ مائیک ہیسن اور ایشلے نوفکے کو برمنگھم ٹیسٹ کے لیے کوچنگ اسٹاف میں شامل کرلیا گیا ہے۔
انگلینڈ کے خلاف پہلے دو ٹیسٹ میں پاکستان کی کارکردگی
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں قومی ٹیم پہلے دونوں میچ ہار کر 2-0 سے خسارے میں ہے، پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے لیڈز کے ہیڈنگلے گراؤنڈ میں پاکستان کو ایک اننگز اور 103 رنز سے شکست دی۔ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 409 رنز بنائے، جبکہ پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 171 اور دوسری اننگز میں صرف 135 رنز بناسکی۔
دوسرے ٹیسٹ میں بھی پاکستان کی بیٹنگ ایک بار پھر مشکلات کا شکار رہی۔ لارڈز میں انگلینڈ نے پہلے اننگز میں 290 رنز بنائے، جس کے جواب میں پاکستان صرف 110 رنز پر ڈھیر ہوگیا۔ انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 208 رنز بنا کر پاکستان کو 389 رنز کا ہدف دیا، تاہم قومی ٹیم 194 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور انگلینڈ نے 194 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز اپنے نام کرلی۔
Update on Pakistan Test squad
Details here ➡️ https://t.co/a98LbBliaK pic.twitter.com/jmLt4PHsOF
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) August 31, 2026
دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں انگلینڈ کے 4 کھلاڑی آؤٹ کیے تھے۔ پاکستان نے میچ کے ابتدائی مرحلے میں انگلینڈ کو 80 رنز پر 4 وکٹوں کے نقصان سے دوچار بھی کیا، تاہم انگلش بیٹرز نے بعد میں اننگز سنبھال لی۔
پاکستان کی سب سے بڑی کمزوری بیٹنگ لائن کی مسلسل ناکامی رہی۔ لارڈز ٹیسٹ میں کپتان بابر اعظم دونوں اننگز میں بالترتیب 6 اور 8 رنز بناسکے، جبکہ پہلی اننگز میں صرف اذان اویس 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
ان مسلسل ناکامیوں کے بعد پی سی بی نے تیسرے ٹیسٹ سے قبل اسکواڈ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی ہیں اور متعدد سینئر کھلاڑیوں کو ریلیز کرکے نئے اور نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا ہے۔ برمنگھم کا تیسرا ٹیسٹ پاکستان کے لیے وائٹ واش سے بچنے اور سیریز میں کم از کم ایک کامیابی حاصل کرنے کا آخری موقع ہوگا۔


