لاہور میں دو ٹک ٹاکرز کے درمیان سوشل میڈیا پر شروع ہونے والا تنازع اے ایس پی ٹاؤن شپ کے دفتر تک جا پہنچا، جہاں دونوں گروپوں کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی جبکہ پولیس اہلکار بیچ بچاؤ کراتے رہے۔
پولیس کے مطابق دونوں ٹک ٹاکرز نے سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف ویڈیوز اپ لوڈ کی تھیں، جس کے بعد ان کے درمیان تنازع شدت اختیار کرگیا۔
اے ایس پی ٹاؤن شپ کے دفتر میں جھگڑے کے دوران ٹک ٹاکرز اور ان کے ساتھی ایک دوسرے پر تشدد کرتے رہے۔ واقعے کی موبائل ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس میں پولیس اہلکار فریقین کے قابو کرنے کی کوشش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
تھانہ ٹاون شپ لاہور میں ایک اور اہم واقعہ
ٹاؤن شپ تھانہ کے اندر معروف ٹک ٹاکرز کے جھگڑے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ ویڈیو میں ملزمان کو جھگڑتے اور ایک دوسرے پر حملہ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ پولیس نے دو ملزمان ٹک ٹاکر عمر بٹ اور ظہور چوہان سمیت 11 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ ٹک… pic.twitter.com/kxiYUePVJB
— Muhammad Umair (@MohUmair87) August 28, 2026
پولیس کے مطابق موقع پر موجود دو افراد نے ایک دوسرے پر پستول تان لیے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔
پولیس نے دونوں مسلح افراد کو قابو کرکے ان کی تلاشی لی تو ایک کے قبضے سے 30 بور پستول اور پانچ گولیاں، جبکہ دوسرے سے 9 ایم ایم پستول اور پانچ گولیاں برآمد ہوئیں۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملوث 11 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
مقدمہ میں ملزمان پر غیر قانونی طور پر اسلحہ رکھنے، ایک دوسرے کو دھمکیاں دینے، لڑائی جھگڑا کرنے اور غیر قانونی اجتماع کی صورت اختیار کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی مزید تفتیش انویسٹی گیشن ونگ کے سپرد کردی گئی ہے۔
