چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کے سب سے بڑے دفاعی صنعتی کمپلیکس پاکستان آرڈننس فیکٹری (پی او ایف) واہ کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران پی او ایف کی پیداواری صلاحیت، برآمدی استعداد اور ملکی دفاعی صنعتی بنیاد میں اس کے کردار کا جائزہ لیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کو پی او ایف کے مختلف امور اور آپریشنز کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل کو بتایا گیا کہ پی او ایف میں مقامی سطح پر جدید اسلحہ و گولہ بارود کی تیاری جاری ہے، پی او ایف ملکی دفاعی صنعتی بنیاد مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مقامی سطح پر ڈیزائن اور تیار کردہ ہتھیاروں کا مشاہدہ کیا،اور افسران اور ورک فورس کی لگن اور اعلیٰ مورال کو سراہا۔
اس کے علاوہ فیلڈ مارشل کو ڈیفنس انڈسٹری پروڈکشن ریگولیشن ایکٹ آرڈیننس کے نفاذ کے بعد پی او ایف کی کارپوریٹائزیشن کے عمل میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔
دفاعی پیداوار میں خود انحصاری کے فروغ اور استعداد کار میں اضافے کے لیے جاری کوششوں کے بارے میں بھی فیلڈ مارشل کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پی او ایف میں دو نئے صنعتی پلانٹس کی تنصیب جاری ہے جس سے رواں سال کے اختتام تک پیداوار شروع ہو جائے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دورے میں دفاعی شعبے میں خود انحصاری، مقامی پیداوار اور تکنیکی جدت کے فروغ کے لیے عسکری قیادت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔



