کراچی: پب جی موبائل نے معروف پاکستانی کریئیٹر فاروق احمد کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے، جن کا گزشتہ روز کینیڈا کے صوبے البرٹا کے شہر کیلگری میں موٹر سائیکل حادثے میں انتقال ہوگیا تھا۔
پب جی گیم کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ “فاروق، آپ کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔”
بیان میں مزید کہا گیا کہ پب جی موبائل کمیونٹی نے اپنے ہی ایک رکن کو کھو دیا ہے۔
View this post on Instagram
ایک اور الگ پیغام میں پب جی موبائل کے منتظم نے فاروق کے ساتھ اپنی ذاتی یادیں بھی شیئر کیں۔ پیغام میں بتایا گیا کہ فاروق نے ایک مرتبہ چین کے شہر شینژن میں پب جی موبائل سے متعلق مواد بنانے کے بارے میں بتایا تھا، جبکہ بعد میں تھائی لینڈ کے شہر بینکاک میں ایک ملاقات کے دوران اپنی اسپورٹس کاروں کا کلیکشن بھی دکھایا تھا۔
پیغام میں کہا گیا کہ ’آپ کبھی ہم سے جدا نہیں ہوں گے، کیونکہ آپ کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔‘
پب جی موبائل کے آفیشل اکاؤنٹ پر جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ فاروق کے احترام میں تین دن تک اس اکاؤنٹ سے کوئی مزید پوسٹ شیئر نہیں کی جائے گی۔
فاروق کے انتقال کی خبر کے بعد پاکستان اور دنیا بھر سے متعدد دیگر کریئیٹرز نے بھی انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
فاروق نے پب جی موبائل سے متعلق اپنے مواد کے ذریعے بڑی تعداد میں مداح بنائے تھے۔ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم پر ان کے 9 لاکھ 25 ہزار سے زائد سبسکرائبرز جبکہ انسٹاگرام پر تقریباً 86 ہزار فالوورز تھے۔ ان کے انسٹاگرام پروفائل پر انہیں پب جی موبائل کا سرکاری پارٹنر اور کینیڈین سفیر بھی قرار دیا گیا تھا۔
فاروق کے ایک قریبی دوست نے میڈیا کو تصدیق کی کہ فاروق احمد کینیڈا کے صوبے البرٹا میں موٹر سائیکل حادثے کے بعد انتقال کرگئے۔
