پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ’بیگو لائیو‘ اور ’لائیکی‘ کو ’بیگو سروس پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ‘ کے تحت ملک میں باضابطہ طور پر رجسٹر کر لیا ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ اقدام 2021 کے غیر قانونی آن لائن مواد کو ہٹانے اور بلاک کرنے کے رولز کے تحت اٹھایا گیا ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ وہ بیگو کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہاں ہے تاکہ آن لائن مواد کی جانچ پڑتال کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے، پلیٹ فارمز کے ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دیا جائے اور ملکی قوانین کی پاسداری کو یقینی بنایا جا سکے۔
پی ٹی اے کے مطابق بڑی سوشل میڈیا کمپنیوں کا باقاعدہ اندراج ملک میں صارفین کے لیے ایک محفوظ، ذمہ دارانہ اور بہتر ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
بیگو لائیو اور لائیکی کیا ہیں اور کیسے کام کرتے ہیں؟
بیگو لائیو ایک عالمی لائیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم ہے جسے سنگاپور کی کمپنی بیگو ٹیکنالوجی نے متعارف کرایا تھا۔
کمپنی کے مطابق دنیا بھر سے 7 لاکھ افراد اس پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہیں جبکہ گوگل پلے اسٹور کے اعداد و شمار کے مطابق اس ایپ کو 50 لاکھ سے زائد افراد ڈاؤنلوڈ کر چکے ہیں۔
بیگو لائیو کے ذریعے صارفین اپنے فون سے براہِ راست ویڈیو نشر کر کے اپنا ٹیلنٹ مثلاً گائیکی، ٹاک شوز، گیمنگ یا گپ شپ کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
دیکھنے والے صارفین اسٹریمرز کو لائیک، کمنٹس اور ’ورچوئل گفٹس‘ بھیجتے ہیں۔ یہ تحائف بعد میں حقیقی رقم میں تبدیل کیے جا سکتے ہیں، جس کی وجہ سے یہ کئی لوگوں کے لیے آمدنی کا ذریعہ بھی بنتا ہے۔
لائیکی
لائیکی ایک شارٹ ویڈیو میکنگ اور شیئرنگ پلیٹ فارم ہے، جو بنیادی طور پر ٹک ٹاک کی طرح کام کرتا ہے۔ یہ ’لائیک می پرائویٹ لمیٹڈ کمپنی‘ کے زیرِ انتظام ہے۔
پلے اسٹور پر موجود اعداد و شمار کے مطابق اب تک ایک ارب سے زائد افراد اس ایپ کو ڈاؤنلوڈ کر چکے ہیں۔
لائیکی پر صارفین 15 سے 60 سیکنڈ کی مختصر ویڈیوز بنا کر اپ لوڈ کرتے ہیں۔
لائیکی میں ویڈیوز کی ایڈیٹنگ کے لیے ایڈوانس فلٹرز، سپیشل ایفیکٹس، میوزک، اور آگمنٹڈ رئیلٹی (اے آر) جیسے فیچرز موجود ہیں۔ یہ ایپ زیادہ تر نوجوانوں اور شارٹ کنٹینٹ کریٹرز میں ویڈیوز بنانے اور تفریح کے لیے مقبول ہے۔
