آزاد کشمیر، سرساوہ تراڑ کھل روڈ پر کلیئرنس آپریشن کے دوران مسلح شرپسندوں کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر فائرنگ کے نتیجے میں رینجرز کا ایک اہلکار شہید جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔
ترجمان آزادکشمیر پولیس کے مطابق کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح شرپسندوں نے کلیئرنس آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں رینجرز کے سپاہی شاہ نواز کو چھاتی میں گولی لگی اور وہ موقع پر شہید ہوگئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق شدید فائرنگ کے دوران رینجرز کے لانس نائیک کے کندھے پرگولی لگی، جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے، زخمی اہلکار کو طبی امداد کیلئے منتقل کردیا گیا ہے جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔
ترجمان آزادکشمیر پولیس نے بتایا کہ شہید رینجرز اہلکار شاہ نواز کا تعلق خیرپور سندھ سے تھا۔ شہید اہلکار نے کلیئرنس آپریشن کے دوران فرائض کی انجام دہی کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔
پولیس کے مطابق مختلف مقامات پر شرپسندوں کی جانب سے سڑکوں پر لگائی گئی رکاوٹوں کو ہٹانے کا عمل جاری ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے سڑکوں کو کلیئر کرکے ذرائع آمدورفت بحال کرنے کیلئے کارروائی کررہے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ رکاوٹیں مکمل طور پر ہٹانے اور آمدورفت بحال ہونے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ سڑکوں کی مسلسل بندش کے باعث معمولات زندگی شدید متاثر ہورہے ہیں جبکہ مختلف علاقوں میں غذائی قلت کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا ہے، عوام کی آمدورفت اور ضروری اشیائے خورونوش کی فراہمی بحال کرنے کیلئے رکاوٹیں دور کرنا ضروری ہے۔
ترجمان پولیس نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے شرپسندوں کی جانب سے پیدا کی جانے والی رکاوٹوں اور فائرنگ کا مقابلہ کرتے ہوئے کلیئرنس آپریشن جاری رکھیں گے جبکہ امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے اور شہریوں کیلئے آمدورفت بحال کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔


