تہران، ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکا اقتصادی دباؤ کے ذریعے بھی ایران سے کچھ حاصل نہیں کر سکے گا، ایران امریکی اقتصادی پابندیوں کے خلاف مضبوطی سے کھڑا رہے گا اور اپنے مفادات کا تحفظ جاری رکھے گا۔
ایرانی صدر نے کہا کہ امریکا جنگ کے دوران بھی اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکا اور اب اقتصادی دباؤ کے ذریعے بھی اسے کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوگی۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایرانی حکومت امریکی اقتصادی پابندیوں اور دباؤ کا مقابلہ کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کررہی ہے۔
ایران کے معاشی شعبوں نے امریکی اقتصادی دباؤ سے بچنے اور اس کے اثرات کم کرنے کیلئے مختلف اقدامات تجویز کیے ہیں، جن پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اپنی معیشت کو دباؤ سے محفوظ رکھنے کیلئے داخلی صلاحیتوں اور دستیاب وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھائے گا۔
ایرانی صدر نے واضح کیا کہ حکومت مسائل کا حل طاقت یا محاذ آرائی کے بجائے مذاکرات کے ذریعے تلاش کرنا چاہتی ہے۔
ایران بات چیت کے ذریعے اختلافات دور کرنے اور مسائل کا قابلِ قبول حل تلاش کرنے کیلئے تیار ہے تاہم قومی مفادات اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کی جانب سے عائد اقتصادی پابندیوں کے خلاف ایران اپنا مضبوط موقف برقرار رکھے گا، ایرانی حکومت ملک کے معاشی شعبوں کودرپیش مشکلات کم کرنے اورعوام پراقتصادی دباؤ کے اثرات محدود کرنے کیلئے اقدامات جاری رکھے گی۔
مسعود پزشکیان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایران دباؤ کے باوجود اپنی معاشی سرگرمیوں اور قومی مفادات کے تحفظ کا سلسلہ جاری رکھے گا۔



