تہران: ایران اور عمان کے وزرائے خارجہ نے آبنائے ہرمز کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے ایک فریم ورک پر اتفاق کر لیا، جس کے تحت آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے لیے عارضی شپنگ لین قائم کی جائے گی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے ملاقات کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ فریم ورک میں آبنائے ہرمز سے بارودی سرنگیں صاف کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد کا معاہدہ بھی شامل ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حتمی معاہدے کے لیے ایران اور عمان کے درمیان تکنیکی مذاکرات جاری رہیں گے، جبکہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے خلیجی پانیوں سے جڑے دیگر ممالک کے ساتھ مشاورت اور بات چیت کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
ایران اور عمان نے آبنائے ہرمز میں محفوظ جہاز رانی کے لیے عارضی راستہ قائم کرنے کی تجویز پیش کی ہے، جس کے لیے آئندہ مذاکرات میں فنی اور عملی امور کو حتمی شکل دی جائے گی۔

