وزیراعظم کے معاون خصوصی حذیفہ رحمان نے شہباز شریف کے آئی کیو لیول کو ’آئزک نیوٹن کے برابر‘ ہونے کے اپنے بیان پر سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصروں اور طنز و تنقید کے بعد وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”لوگوں کو کم معلومات اور تعلیم ہے۔“
انہوں نے معروف سائنسدان آئزک نیوٹن سے وزیرِ اعظم کی ذہانت کا موازنہ گزشتہ روز اے آر وائے نیوز کے ایک ٹاک شو میں شہباز شریف کے کام کرنے کے انداز اور کابینہ کے اراکین کی کارکردگی اور اہلیت پر گفتگو کرتے ہوئے کیا تھا۔
حذیفہ رحمان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کا اہلیت اور کام کا پیمانہ بہت مختلف ہے جس پر ’پورا تو اترا ہی نہیں جا سکتا‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ”شہباز صاحب کا بس چلے، تو کابینہ میں بیٹھے 55 وزیروں میں سے 52، 53 فارغ ہوں گے، (صرف) 2، 3 ہی بچیں گے۔“
اس کے بعد حذیفہ رحمان نے دعویٰ کیا کہ ”شہباز صاحب کا آئی کیو آئزن نیوٹن کے قریب ہے“ اور وہ اکثر یہ بات وزیر اعظم سے کرتے ہیں۔
اس موقع پر شو کے اینکر اشفاق اسحاق ستی نے ان سے پوچھا کہ اگر شہباز شریف اپنے پیمانے پر کابینہ اراکین کو پرکھتے ہیں تو ان کا شمار بچ جانے والے اراکین میں ہو گا یا فارغ ہونے والوں میں۔
جواب میں حذیفہ رحمان نے کہا ”کہ دیکھیں میرے خیال میں، میں تو ہوں گا کیونکہ میں ان کے۔۔۔[طریقہ کار] پر چلنا جانتا ہوں اور میرا آئی کیو بھی ان کے آئی کیو کے قریب قریب ہے۔“
وزیر اعظم کے مشیر کا یہ دعویٰ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوا اور اس بیان پر خوب چہ مہ گوئیاں اور تبصرے کیے گئے۔
بعد ازاں اس بیان پر حذیفہ رحمان کی وضاحت بھی سامنے آئی جو اے آر وائے نیوز کے ہی ایک اور ٹاک شو میں گفتگو کے دوران دی گئی۔
انہوں نے اس بیان کا سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن جانے کا بارِ الزام صحافیوں اور سوشل میڈیا صارفین پر رکھتے ہوئے کہا کہ ”ہمارے 2 جرنلسٹ ہیں مہوش اور ذیشان اعوان۔۔۔انہوں نے وہ ویڈیو کلپ ٹویٹ کیا اور وہ ٹاپ ٹرینڈ ہو گیا، اور سب سوال کرنے لگے کہ آپ کو کیسے پتا کہ نیوٹن اور شہباز صاحب کا آئی کیو لیول ایک ہے۔“
انہوں نے کہا کہ ”لوگوں کو کم معلومات اور تعلیم ہے۔ سائنس یہ کہتی ہے کہ اگر انسانی دماغ سب سے زیادہ کسی کا استعمال ہوا تو وہ آئزک نیوٹن کا ہوا۔ ان کا آئی کیو 168 تھا۔“
ان کا مزید کہنا تھا کہ سائنس تجزیہ کرتی ہے اور باقاعدہ ایک پیمانہ موجود ہے کہ جس کے ذریعے کسی کا بھی آئی کیو لیول جانچ سکتے ہیں اور اس کا ایک باقاعدہ فارمولا اور طریقہ کار موجود ہے۔
”تو میں یہ کہا کہ شہباز صاحب اتنی تیزی سے چیزوں کا تجزیہ کر کے ان پر ردعمل دے دیتے ہیں تو لامحالہ ان کا آئی کیو لیول 150 سے تو زیادہ ہی ہے۔“
حذیفہ رحمان نے اپنی وضاحت جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ ”میں نے اندازہ لگایا کہ اگر نیوٹن کا آئی کیو لیول 168 ہے تو شہباز صاحب کا 158 یا 160 کے قریب ہو گا۔“
انہوں نے صحافیوں اور سوشل میڈیا صارفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ”اس کو باقاعدہ طور پر اور ٹیکنیکلی سمجھنے کے بجائے میرے خلاف ایک پورا ٹرینڈ بنا دیا گیا کہ حذیفہ رحمان شہباز صاحب کے آئی کیو کو آئزک نیوٹن سے ملا رہے ہیں۔“
شو کے دوران نیوٹن کے بارے میں بات کرنے والی میزبان کو خاموش کرا کے سائنس اور نیوٹن کے حوالے سے اپنے اکتسابی علم کی دھاک بٹھانے کے لیے انہوں نے کہا کہ ”جی بالکل، مجھے پتا ہے، میں بتا رہا ہوں آپ کو، موشن کے 3 قوانین دیے تھے نیوٹن نے۔“
