تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران اس وقت مکمل پیمانے کی معاشی، عسکری اور سیکیورٹی جنگ کا سامنا کر رہا ہے، دشمن ملک میں تقسیم اور انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو ایک اور وینزویلا بنانے کی کوشش کی گئی، تاہم ایرانی قوم نے مزاحمت، یکجہتی اور اتحاد کے ذریعے خود کو ایسی طاقت کے طور پر منوایا جس نے دنیا کو حیران کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے دشمنوں کو امید ہے کہ مسائل کے ذریعے معاشرے میں تقسیم اور پھوٹ پیدا کی جاسکتی ہے، تاہم حکومت تقسیم، تنازعات اور انا پرستی سے بچنے کے لیے بھرپور کوشش کرے گی۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ ہماری قوم نے ایک غیر معمولی کارنامہ انجام دیا ہے، ایران مکمل جنگ میں ہے اور ہم معاشی، فوجی اور سیکیورٹی محاذوں پر ایک جامع جنگ لڑ رہے ہیں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ حکومت اس بات پر شرمندہ ہے کہ ملک کی معیشت کو سنگین مسائل کا سامنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کا ’مکہ دفاعی معاہدے‘ میں شمولیت کی دعوت ملنے کا دعویٰ
مسعود پزشکیان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ آسانی سے کہتے ہیں کہ وہ ایران پر انتہائی سخت اور تباہ کن پابندیاں عائد کریں گے، لیکن ہم کھڑے ہیں اور اس غیر مساوی جنگ کے سامنے عوام کی خدمت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
