ماسکو: روس اور امریکا نے دوطرفہ تعلقات میں موجود مسائل اور رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کر لیا، جبکہ آئندہ رابطے کی تاریخ طے کرنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مشاورت جاری ہے۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماسکو واشنگٹن کے ساتھ بامقصد مذاکرات جاری رکھنے کے لیے تیار ہے تاکہ ترجیحی مسائل کے حل کی جانب پیش رفت کی جاسکے اور دونوں ممالک کے تعلقات معمول پر لانے کی بنیاد فراہم ہو۔
ماریہ زخارووا نے کہا کہ 23 جولائی کو روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان ہونے والی بات چیت میں مذاکراتی عمل آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ آئندہ ملاقات کی تاریخ طے کرنے کے لیے مشاورت جاری ہے، تاہم ملاقات سے متعلق تفصیلات پیشگی ظاہر نہیں کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ماسکو سمجھتا ہے اس فارمیٹ میں مذاکرات کو خاموشی سے جاری رکھنا زیادہ مؤثر ہے۔ اور روس چاہتا ہے کہ مذاکرات صرف سفارتی مشنز کے تکنیکی معاملات تک محدود نہ رہیں بلکہ دونوں ممالک کے تعلقات کی بحالی میں اہم کردار ادا کرنے والے معاملات پر بھی پیش رفت ہو۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ روس کی اہم ترجیحات میں امریکا میں تحویل میں لی گئی روسی سفارتی املاک کی واپسی اور دونوں ممالک کے درمیان براہ راست فضائی رابطوں کی بحالی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سفارتی مشنز کی سرگرمیوں کی مکمل بحالی کے حوالے سے کچھ پیش رفت ہوئی ہے، تاہم دونوں ممالک کے مؤقف میں اختلافات کے باعث یہ عمل ابھی مکمل نہیں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کا معاشی جنگ کا اعلان امریکا کے بحران سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے ، عباس عراقچی
ماریہ زخارووا نے کہا کہ روس اور امریکا کے درمیان کھوئے ہوئے اعتماد کی بحالی بھی ضروری ہے اور ماسکو اس مقصد کے لیے واشنگٹن کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔
