اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے پنشنرز کے لیے “پروف آف لائف” کے جدید نظام کا افتتاح کر دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پینشنرز کے لیے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ملکی ترقی وخوشحالی کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنشنرز کے لیے نیا نظام بڑی خدمت ہے جبکہ نیا بائیو میٹرک اور چہرے کی تصدیقی نظام انسانیت کی خدمت ہے۔ نئے نظام سے بزرگوں اور معذوروں کو آسانی ہو گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ اس اقدام پر وزیر خزانہ، چیئرمین نادرا اور سیکرٹری خزانہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ نادرا کی جانب سے جدید پنشن ایپ اور تصدیقی نظام مفت فراہم کیا گیا ہے جبکہ جدید ڈیجیٹل سسٹم اورایپ کے ذریعے لاکھوں پنشنرز مستفید ہوں گے۔
اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف سے شامی وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم نے شامی وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر احمد الشرع کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور شام کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: نیشنل کمانڈ اتھارٹی ایکٹ میں ترمیم اور ڈیفنس فورسز ایکٹ 2026 منظور
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور شام کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو عملی تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، دفاعی، تجارتی، سرمایہ کاری اور تعلیمی شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر زور دیا۔
