لیڈز ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کی پوری ٹیم کو 171 رنز پر آؤٹ کرنے والے انگلینڈ کے فاسٹ بولرز اولی رابنسن اور جوش ٹونگ نے میچ کی گیند کو آپس میں برابر تقسیم کرکے کرکٹ کی ایک منفرد یادگار بنا لی۔
یاد رہے انگلینڈ کے دو بولرز کی جانب سے ایک ہی اننگز میں پانچ، پانچ وکٹیں لینے کا کارنامہ 16ویں مرتبہ انجام پایا۔ اس سے قبل انگلینڈ کی جانب سے یہ اعزاز 2006 میں سائمن ہارمنسن اور مونٹی پنیسر نے پاکستان ہی کیخلاف اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں حاصل کیا تھا۔
ہیزل ووڈ نے ٹیسٹ کرکٹ میں اہم سنگ میل عبور کر لیا
پاکستان کیخلاف شاندار بولنگ کے بعد دونوں بولرز جب میدان سے باہر آئے تو ان کے ہاتھ میں وہی میچ بال تھی، تاہم دونوں کے درمیان اسے اپنے پاس رکھنے پر کوئی اختلاف نہیں ہوا بلکہ انہوں نے گیند کو درمیان سے کاٹ کر نصف نصف کرنے کا فیصلہ کیا۔
انگلینڈ کی ٹیم انتظامیہ نے گیند ہیڈنگلے کے گراؤنڈ اسٹاف کے حوالے کی، جہاں اسے عین درمیان سے دو حصوں میں تقسیم کردیا گیا۔ یوں رابنسن اور ٹونگ کو ایک ہی میچ بال کا الگ الگ نصف حصہ مل گیا۔
اولی رابنسن کا کہنا تھا کہ میچ کے بعد انہوں نے ٹونگ سے گیند تقسیم کرنے کی بات کی، جس پر دونوں نے اتفاق کیا۔ ان کے مطابق کرکٹ کی گیند کا نصف حصہ ملنا انتہائی منفرد یادگار ہے اور دونوں کھلاڑی اس لمحے کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
جوش ٹونگ نے بھی بتایا کہ گیند کو تقسیم کرنے کی تجویز رابنسن نے دی تھی اور گراؤنڈ اسٹاف نے ان کی درخواست پوری کردی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پہلی مرتبہ ایسا ہوتے دیکھا ہے اور وہ گیند کے اپنے حصے کو محفوظ جگہ پر رکھیں گے۔
رابنسن نے میچ کی پہلی ہی گیند پر وکٹ حاصل کرکے انگلینڈ میں تقریباً 20 سال بعد یہ کارنامہ انجام دیا۔ انہوں نے پاکستان کے ٹاپ پانچ میں سے چار بلے بازوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ٹونگ نے پاکستانی ٹیل کو سمیٹتے ہوئے ٹیم کو 171 رنز پر آل آؤٹ کردیا۔
چیئرمین پی سی بی کا کرکٹ فینز کیلئے بڑے سرپرائز کا اعلان
رابنسن کے لیے یہ دن اس لیے بھی خاص تھا کہ گزشتہ ہفتے ان کے ہاں دوسری بیٹی کی پیدائش ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اہلخانہ سے دور رہ کر بہترین کارکردگی دینا ان کے لیے انتہائی جذباتی اور خوشی کا لمحہ ہے۔
رابنسن نے مزید کہا کہ انجری اور ٹیم سے باہر رہنے کے دوران انہوں نے فٹنس اور بولنگ پر سخت محنت کی، اب وہ انگلینڈ کے لیے مستقل بنیادوں پر کارکردگی دکھانے اور فٹ رہنے پر توجہ دے رہے ہیں۔
