کیمیکل ایگزامن رپورٹ میں میر رضا کے دونوں ہاتھوں پر گن شاٹ ریزیڈیو (GSR) کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ تفتیشی حکام کے مطابق دونوں ہاتھوں پر GSR ملنے سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ میر رضا نے مبینہ طور پر فائرنگ کی تھی۔
نوجوان تاجر میر رضا قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق قبر کشائی کے دوران حاصل کیے گئے نمونوں کی کیمیکل ایگزامن جانچ مکمل کرلی گئی ہے اور جامعہ کراچی کی کیمیکل ایگزامن لیبارٹری نے رپورٹ پولیس کو فراہم کردی ہے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق قبر کشائی کے دوران کیمیکل ایگزامن کے لیے مجموعی طور پر 13 نمونے حاصل کیے گئے تھے، جن میں سے 5 نمونوں کے نتائج موصول ہوئے ہیں، جبکہ دیگر نمونے گلنے سڑنے کے باعث ضائع ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کیمیکل ایگزامن رپورٹ میں میر رضا کے دونوں ہاتھوں پر گن شاٹ ریزیڈیو (GSR) کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ تفتیشی حکام کے مطابق دونوں ہاتھوں پر GSR ملنے سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ میر رضا نے مبینہ طور پر فائرنگ کی تھی، تاہم اس فرانزک نتیجے کو کیس کے دیگر شواہد کے ساتھ ملا کر حتمی تفتیشی نتیجہ اخذ کیا جائے گا۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق میر رضا کی کمر اور سینے پر بھی گن شاٹ ریزیڈیو کے شواہد ملے ہیں، تاہم کمر کے حصے پر GSR کی مقدار سینے کے مقابلے میں زیادہ پائی گئی۔
ذرائع کے مطابق کیمیکل رپورٹ کے نتائج اس میڈیکو لیگل شواہد سے بھی مطابقت رکھتے ہیں جن میں میر رضا کو کمر کی جانب سے گولی لگنے کا ذکر کیا گیا تھا۔ قبر کشائی کے بعد سامنے آنے والی ابتدائی میڈیکو لیگل رپورٹ میں بھی گولی کے جسم کے پچھلے حصے سے داخل ہونے اور سینے کی جانب سے نکلنے کے شواہد سامنے آئے تھے۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ شواہد کی بنیاد پر یہ شبہ بھی زیرِ تفتیش ہے کہ میر رضا نے کسی خطرے کو محسوس کرتے ہوئے دفاع میں فائرنگ کی ہو۔ تاہم اس پہلو کی حتمی تصدیق کے لیے پولیس کی جانب سے GSR رپورٹ، پوسٹ مارٹم، جائے وقوعہ سے حاصل ہونے والے شواہد، اسلحے سے متعلق فرانزک شواہد اور دیگر تفتیشی مواد کو یکجا کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ میر رضا کیس میں ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ پر پولیس سرجن کی جانب سے متعدد فرانزک خامیوں کی نشاندہی کے بعد عدالت کے حکم پر قبر کشائی اور دوبارہ میڈیکو لیگل معائنہ کیا گیا تھا۔ ابتدائی رپورٹ میں گن شاٹ ریزیڈیو کے لیے ہاتھوں کے سواب نہ لیے جانے سمیت دیگر خامیوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔
میر رضا قتل کیس، جبران ناصر نے تحقیقات اور شواہد سے متعلق اہم مطالبات کردیے
بعد ازاں قبر کشائی کے دوران حاصل کیے گئے مختلف فرانزک نمونے کیمیائی تجزیے کے لیے جامعہ کراچی کی لیبارٹری بھجوائے گئے، اس سے قبل میر رضا کی شرٹ کے کیمیائی تجزیے میں بھی کمر کی جانب GSR کی موجودگی کی اطلاع سامنے آئی تھی۔
میر رضا کیس کی تازہ کیمیکل ایگزامن رپورٹ نے تفتیش میں ایک اہم نیا پہلو شامل کردیا ہے، تاہم پولیس کی جانب سے تمام فرانزک، میڈیکو لیگل اور دیگر شواہد کا مجموعی جائزہ لینے کے بعد ہی واقعے کی حتمی نوعیت اور فائرنگ کے حالات سے متعلق نتیجہ سامنے آنے کا امکان ہے۔
