کراچی، وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ن پر شدید تنقید کی ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ نے دعویٰ کیا کہ آزاد کشمیرکے انتخابی نتائج کو مستقبل میں فارم 47 پلس کے نام سے جانا جائیگا۔
شرجیل میمن نے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ ن کو تاریخی دھاندلی کے ذریعے ایک اور جعلی مینڈیٹ ملا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام نے 2024 اور 2026 میں مسلم لیگ ن کومسترد کردیا، اس کے باوجود اسے اقتدارتک پہنچانے کی کوشش کی گئی۔
وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ جعلی مینڈیٹ مسلم لیگ ن کو ناجائز حکومتیں تو دے سکتا ہے لیکن عوامی حمایت اور مقبولیت کبھی نہیں مل سکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کے فیصلے کو کسی بھی طریقے سے تبدیل نہیں کیا جاسکتا اور سیاسی جماعتوں کی اصل طاقت عوامی حمایت ہوتی ہے۔
عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کی گنجائش نہیں، آزاد کشمیر کو بھی پنجاب کی طرح بدلیں گے، نواز شریف
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو انتخابی نتائج کے ذریعے جو مینڈیٹ ملا ہے، وہ عوامی تائید کا عکاس نہیں۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ انتخابی عمل میں شفافیت اور عوام کے ووٹ کی اہمیت کو یقینی بنانا جمہوری نظام کے استحکام کے لیے ضروری ہے۔
