سام سنگ کی جانب سے پریمیم اوور ایئر وائرلیس ہیڈ فونز کی مارکیٹ میں دوبارہ واپسی کی تیاریاں کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
کمپنی کے نئے ہیڈ فونز ممکنہ طور پر ایپل کے ایئر پوڈز میکس اور سونی کی ڈبلیو ایچ-1000 ایکس ایم سیریز کے لیے براہ راست حریف ثابت ہوسکتے ہیں، یہ پیش رفت سام سنگ کی اس شعبے میں ایک دہائی سے زائد عرصے بعد واپسی کی جانب اشارہ کرتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق سام سنگ کی گیلیکسی ویئرایبل ایپ میں گیلیکسی ایچ ون کے اندرونی نام سے ایک نئے ہیڈ فونز کے حوالے سے شواہد سامنے آئے ہیں۔
ایپ میں موجود کنکشن اسٹیٹس آئیکنز سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ اوور ایئروائرلیس ڈیزائن کے حامل ہیڈ فونز ہوسکتے ہیں۔ لیک ہونے والے آئیکنز میں سفید، سرمئی اورسیاہ رنگ کے ہیڈ فونز دکھائی دیتے ہیں، جبکہ بعض گرافکس میں ایئر کشنز سرمئی یا سبز رنگ کے نظر آتے ہیں۔
تصاویر میں ہیڈ فونزکا ڈیزائن چوڑے ہیڈ بینڈ اور نسبتاً بڑے ایئرکپس پر مشتمل دکھائی دیتا ہے، تاہم یہ تصاویر حتمی ڈیزائن کی تصدیق نہیں کرتیں۔
موجودہ اطلاعات کے مطابق سام سنگ نئے ہیڈ فونز کو 2027 کے آغاز یا موسم بہار میں متعارف کراسکتا ہے، تاہم کمپنی نے تاحال اس حوالے سے باضابطہ اعلان نہیں کیا۔
نئے ہیڈ فونز میں ایکٹو نوائز کینسلیشن، ایمبیئنٹ ساؤنڈ، جدید بلوٹوتھ کنیکٹیویٹی، اے آئی اسسٹنٹ اور مختلف گیلیکسی ڈیوائسز کے درمیان خودکار سوئچنگ جیسی سہولیات شامل ہونے کا امکان ہے، تاہم ان فیچرز کی تصدیق نہیں ہوئی۔
سپارکو نے پاکستان کی پہلی چاند گاڑی کے سرکاری نام کا اعلان کر دیا
سام سنگ اپنی سیم لیس کوڈیک الٹرا ہائی کوالٹی ٹیکنالوجی بھی نئے ہیڈ فونز میں شامل کرسکتا ہے، جو مطابقت رکھنے والی گیلیکسی ڈیوائسز کے ساتھ بہتر اور ہائی ریزولوشن آڈیو فراہم کرتی ہے۔
واضح رہے کہ سام سنگ نے 2015 میں لیول آن وائرلیس پرو ہیڈ فونز بھی متعارف کرائے تھے، نئے گیلیکسی ہیڈ فونز کے ذریعے کمپنی موجودہ گیلیکسی ایکو سسٹم کیساتھ گہری انٹیگریشن کے ذریعے پریمیم آڈیو مارکیٹ میں دوبارہ قدم رکھنے کی تیاری کررہی ہے۔
