بولان میں 18 انچ قطر کی گیس پائپ لائن دھماکے سے متاثر ہونے سے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ، کولپور، مچھ، مستونگ، قلات، پشین اورزیارت میں گیس کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔
یہ پائپ لائن گزشتہ روز تخریب کاروں کی جانب سے دھماکہ خیز مواد سے تباہ کر دی گئی تھی۔
ایس ایس جی سی حکام کے مطابق گیس پائپ لائن متاثر ہونے کے بعد کوئٹہ کو متبادل 12 انچ قطر کی پائپ لائن سے گیس فراہم کی جا رہی ہے، تاہم پریشر کا مسئلہ برقرار ہے۔
💥 🇵🇰 A blast in an 18-inch dia main natural #gas pipeline located in the Bolan River Bed in #Balochistan has suspended supply in Kolpur, Mach, Mastung, Kalat, Pishin, Ziarat while some areas of provincial capital Quetta are also facing low gas pressure, as per Sui Southern Gas… pic.twitter.com/yF2Sarp8qg
— Shafek Koreshe (@shafeKoreshe) August 12, 2026
حکام کا مزید کہنا ہے کہ سیکیورٹی کلئیرنس ملنے کے بعد متاثرہ پائپ لائن کی مرمت کے لیے ٹیمیں روانہ ہونگی۔
کوئٹہ میں موبائل فون انٹرنیٹ سروس معطل
دوسری جانب کوئٹہ شہر میں ایک بار پھر موبائل فون انٹرنیٹ سروس اچانک معطل کردی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق موبائل فون انٹرنیٹ سروس 12 بجے کے بعد معطل ہونا شروع ہوئی جس سے شہریوں کو مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔
پولیس کے مطابق سروس سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر معطل کی گئی۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں امن و امن کی صورتحال کشیدہ ہے جبکہ سکیورٹی فورسز سے مسلح دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں بھی مسلسل جاری ہیں۔
گزشتہ روز ضلع سوراب میں دہشتگردوں کی جانب سے بارودی گاڑی (وہیکل بیسڈ امپرووائزڈ ایکسپلوسیو ڈیوائس) تیار کرنے کے دوران قبل از وقت دھماکا ہوگیا، جس کے نتیجے میں 8 دہشتگرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 12 اگست کی صبح دہشتگرد وی بی آئی ای ڈی تیار کر رہے تھے کہ اچانک دھماکا ہوگیا۔ ہلاک ہونے والے دہشتگرد فتنہ الہندوستان سے وابستہ تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی پراکسی دہشتگردوں کی جانب سے ذخیرہ کیے گئے دیگر بارودی مواد کے ثانوی دھماکے بھی ہوئے، جن کے نتیجے میں قریب موجود 3 شہری جاں بحق ہوگئے۔
