بلوچستان کے ضلع سوراب میں دہشتگردوں کی جانب سے بارودی گاڑی (وہیکل بیسڈ امپرووائزڈ ایکسپلوسیو ڈیوائس)تیار کرنے کے دوران قبل از وقت دھماکا ہوگیا، جس کے نتیجے میں 8 دہشتگرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 12 اگست کی صبح دہشتگرد وی بی آئی ای ڈی تیار کر رہے تھے کہ اچانک دھماکا ہوگیا۔ ہلاک ہونے والے دہشتگرد فتنہ الہندوستان سے وابستہ تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی پراکسی دہشتگردوں کی جانب سے ذخیرہ کیے گئے دیگر بارودی مواد کے ثانوی دھماکے بھی ہوئے، جن کے نتیجے میں قریب موجود 3 شہری جاں بحق ہوگئے۔
On the morning of 12 August 2026, an under preparation Vehicle-Borne Improvised Explosive Device (VBIED) detonated while being prepared by terrorists affiliated with Fitna Al Hindustan in Surab District of Balochistan. The premature detonation during preparation resulted into…
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) August 12, 2026
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور مشترکہ کلیئرنس آپریشن شروع کیا۔ کارروائی کا مقصد دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کا سراغ لگانا تھا۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے فرار ہونے والے دہشتگردوں کی نقل و حرکت کا بروقت سراغ لگا کر مؤثر کارروائی کی جس میں مزید 10 دہشتگرد ہلاک کردیے گئے۔ یوں سوراب کے واقعات میں اب تک فتنہ الہندوستان سے وابستہ مجموعی طور پر 18 دہشتگرد ہلاک کیے جاچکے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان زخمی بھی ہوئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں باقی ماندہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق عزمِ استحکام کے وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی، عزمِ استحکام کی منظوری نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی نے دی ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشتگردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی جبکہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع سوراب میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
مکہ معاہدے پر قومی قیادت یا ریاستی اداروں کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ، ترجمان دفتر خارجہ
وزیراعظم نے دہشتگردوں کی جانب سے تیار کیے جانے والے دھماکے کی زد میں آکر عام شہریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے کارروائی کے دوران 10 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور بہادری کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگرد بلوچستان کے امن اور عوام کے دشمن ہیں۔ دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کے امن و استحکام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک ریاستی اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
