اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کسٹمز بانڈڈ وئیر ہاؤسز میں کسی بھی بے ضابطگی کی گنجائش نہیں ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے امور پر جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعظم نے ملک بھر کے کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز کا 3 سال کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ کسٹمز بانڈڈ وئیر ہاؤسز میں کسی بھی بے ضابطگی کی گنجائش نہیں۔ اور غیر قانونی سرگرمی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
اجلاس کو کسٹم بانڈڈ وئیر ہاؤسز اور ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ کے حوالے سے بریفنگ میں کہا گیا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر کسٹم بانڈڈ وئیر ہاؤسز کی فزیکل اسٹاک ویری فکیشن کروائی جائے گی۔
بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ کسٹمز بانڈڈ وئیر ہاؤسز کی لائسنسنگ اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
گزشتہ روز کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان سہ فریقی دفاعی معاہدہ طے پایا ہے، یہ معاہدہ خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کے فروغ کیلئے اہم پیش رفت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدہ پہلے سے موجود باہمی تعاون کا تسلسل ہے اور تینوں ممالک کے درمیان کئی دہائیوں سے مختلف شعبوں میں تعاون جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تمام ہائیکورٹس میں نئے ججز کی تقرری کے نوٹیفکیشن جاری
وزیر اعظم شہباز شریف نے سہ فریقی دفاعی معاہدے پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کیلئے کئی سال سے کوششیں جاری تھیں، جو اب پایہ تکمیل کو پہنچی ہیں۔
