تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ دشمن کو یقین تھا کہ وہ ہمیں تباہ کر دے گا لیکن ہم نے دشمنوں کی چالیں ناکام بنائیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے یونیورسٹی آف تہران کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمنوں کو یقین تھا کہ دباؤ بڑھا کر ایران کو خشک سالی، لوٹ مار اور معاشرتی انہدام کی جانب دھکیلا جاسکتا ہے تاہم ان کی تمام چالوں کو یکے بعد دیگرے ناکام بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دشمنوں کی حکمت عملی مصنوعی ذہانت کے ڈیٹا، جاسوسی نیٹ ورک، کرائے کے ایجنٹوں اور ان کے مقامی نمائندوں پر مبنی تھی، لیکن ایران نے ان منصوبوں کو ناکام بنا دیا۔
مسعود پزشکیان نے اسرائیل اور امریکا کی جانب سے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنائے جانے کو جنگی جرائم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کو جارحیت، ناانصافی اور دھونس کے خلاف ڈٹ کر کھڑا ہونا ہو گا۔
انہوں نے شہید رہبر معظم سید علی خامنہ ای کی دوراندیشی اور بصیرت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا موجودہ استحکام اور سیکیورٹی ان کی رہنمائی کا نتیجہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مکہ معاہدہ انتہائی خطرناک پیش رفت ہے، اسرائیل کا ردعمل سامنے آگیا
ایرانی صدر نے کہا کہ پابندیوں اور دباؤ کے باوجود شہید رہنما کی سوچ، راستہ اور رہنمائی ملک کے لیے مسلسل روشنی کا ذریعہ رہی۔ انقلابی سوچ اور دانشمندانہ حکمت عملیوں کے ذریعے خطرات کو مواقع میں تبدیل کیا گیا اور ایران کو دشمنوں کی جانب سے پیدا کیے گئے بحرانوں سے نمٹنے میں مدد ملی۔
