سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ مکہ دفاعی معاہدہ امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے اہم سنگِ میل ہے۔
سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے خیرمقدمی بیان جاری کرتے ہوئے اسے تینوں ممالک کے امن، ترقی اور عوامی خوشحالی کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔
سعودی وزیر خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ سعودی ولی عہد، صدر جمہوریہ ترکیہ اور وزیراعظم پاکستان کی جانب سے مشترکہ مکہ دفاعی معاہدے پر دستخط تینوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی توثیق کرتے ہیں۔
توقيع سمو سيدي ولي العهد وفخامة رئيس الجمهورية التركية، ودولة رئيس وزراء جمهورية باكستان الإسلامية، على اتفاقية مكة للدفاع المشترك يؤكد عمق العلاقات الأخوية والاستراتيجية بين الدول الثلاث، ويشكل محطة مهمة في مسيرة التعاون الدفاعي بينها، وتتويجًا للرغبة المشتركة في توحيد الجهود…
— فيصل بن فرحان (@FaisalbinFarhan) August 7, 2026
شہزادہ فیصل بن فرحان کے مطابق یہ معاہدہ تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے، جو خطے کی سلامتی اور استحکام کو متاثر کرنے والے مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ مکہ دفاعی معاہدہ سلامتی اور استحکام کے تحفظ اور ایک زیادہ محفوظ علاقائی ماحول کے قیام کے لیے تینوں ممالک کے مشترکہ سیاسی عزم کا اظہار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ ایک محفوظ مستقبل کی راہ ہموار کرے گا، جس سے ترقی، خوشحالی اور اقتصادی مواقع کو فروغ ملے گا۔
واضح رہے پاکستان ،سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت کسی ایک ملک پر مسلح حملہ تینوں ممالک پر حملہ تصور ہو گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مکہ مکرمہ میں سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کا مشترکہ دفاعی سربراہی اجلاس مکہ کے قصر الصفا ہوا،جس میں وزیراعظم شہباز شریف، ترک صدر طیب ایردوان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان شریک ہوئے۔ تینوں ممالک نے مشترکہ سلامتی اور دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اجلاس میں سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کی جانب سے مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے گئے، معاہدے کو مکہ ڈیفنس جوائنٹ ایگریمنٹ کا نام دیا گیا ہے، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، وزیراعظم شہبازشریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے دفاعی معاہدے پر دستخط کیے۔
ایک پر حملہ تینوں پر حملہ تصور ہو گا، پاکستان ، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدہ
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مشترکہ دفاعی معاہدہ خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے عزم کا عکاس ہے۔ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت دفاعی تعاون کے تمام شعبوں کو فروغ دیا جائے گا۔
