کپتان قومی ٹیسٹ ٹیم بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ٹیم کی مجموعی کارکردگی کو سراہا ہے۔
ٹرینیڈاڈ میں پوسٹ میچ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب آپ میچ جیت جاتے ہیں تو اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے، ہم نے پچھلے 2ماہ بہت سخت محنت کی۔
پہلے ٹیسٹ میچ میں کنڈیشن مختلف تھی ،ہماری بیٹنگ اچھی نہیں رہی تھی،دوسرے میچ سے قبل پچ دیکھ کر فیصلہ کیا کہ2سپنرز کھیلانا ہونگے،جیسے بیٹرز اور بالرز نے پرفارم کیا وہ میرے لیے بطور کپتان اچھا ہے۔
بابر اعظم نے مزید کہا کہ پروفیشنل کھلاڑی کیلئے ہر کنڈیشن کی پچ پر کھیلنے کیلئے تیار رہنا پڑتا ہے،جب بھی ٹیم میں تبدیلی ہوتی ہے وہ کنڈیشن کی بنیاد پر ہوتی ہے،محمد عباس ہمارے بہترین ریڈ بال بالرز میں سے ایک ہیں،کبھی کبھی کنڈیشنز اور ٹیم کی وجہ سے ایسے فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔
عبداللہ شفیق سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سلیکشن سے پہلے وہ فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل رہے تھے،انہوں نے ٹی 20 ٹورنامنٹ کھیلنے سے پہلے2 ماہ ریڈ بال کرکٹ کھیلی،کپتانی سے لطف اندوز ہوتا ہوں، کپتانی میں مختلف چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں شکست دیکر سیریز ایک ایک سے برابر کردی ،مجموعی طور پر 193 رنز بنانے پر بابر اعظم کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح رہے دوسرے ٹیسٹ میچ سے محمد عباس کو ڈراپ کردیا گیا تھا جس کے باعث بابر اعظم شدید تنقید کی زد میں تھے ۔
