چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا دورہ کیا، جہاں انہیں ملک میں قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں اور مون سون سیزن کے دوران ہنگامی ردعمل کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کا بھی دورہ کیا۔
اس موقع پرانہیں پاکستان بھر میں قدرتی آفات کے خطرات، ان سے نمٹنے کی تیاریوں اور مختلف اداروں کے درمیان مربوط ردعمل کے نظام سے آگاہ کیا گیا۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے بریفنگ دیتے ہوئے این ای او سی کی آپریشنل صلاحیتوں، جدید ٹیکنالوجی پر مبنی نگرانی کے نظام اور ہنگامی حالات میں فوری ردعمل کی استعداد کے بارے میں تفصیلات پیش کیں۔
بریفنگ میں “ڈیزاسٹر لینز 2026” پروگرام پر بھی روشنی ڈالی گئی، جس کے تحت مون سون کی صورتحال کی مسلسل نگرانی، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر قدرتی خطرات کی پیشگی نشاندہی کے لیے جدید نظام استعمال کیا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کو مون سون سیزن کے دوران وفاقی، صوبائی اور ضلعی اداروں کے درمیان مربوط تعاون، بروقت اطلاعات کی فراہمی اورعوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کیے گئے انتظامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
پاکستان اور ایران کا دو طرفہ تجارت 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا عزم
دورے کا مقصد قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی نظام کا جائزہ لینا اور ہنگامی حالات میں مؤثر اور بروقت ردعمل کو مزید مضبوط بنانا تھا۔
