امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی بحالی کے حوالے سے ایران اور عمان کے ساتھ جاری مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے تاہم ابھی تک کسی حتمی معاہدے تک نہیں پہنچا جا سکا۔
واشنگٹن میں محکمہ خارجہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ مذاکرات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور تمام فریق کسی قابل قبول حل تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ بات چیت میں پیش رفت ضرور ہوئی ہے، لیکن ابھی حتمی مرحلہ باقی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ بہت جلد اس سلسلے میں معاہدہ طے پا سکتا ہے، جس سے آبنائے ہرمز کے ذریعے بحری آمدورفت معمول پر آنے میں مدد ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا خطے میں کشیدگی کم کرنے اور عالمی تجارت کے لیے اہم سمندری راستے کو محفوظ رکھنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
مارکو روبیو نے اس بات پر زور دیا کہ آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آزادانہ نقل و حرکت عالمی معیشت اور توانائی کی فراہمی کے لیے انتہائی اہم ہے، اس لیے سفارتی کوششوں کو کامیاب بنانا تمام متعلقہ فریقوں کی مشترکہ ترجیح ہے۔
ایران۔امریکا معاہدہ ابھی نہیں ہوا، آئندہ گھنٹوں یا دنوں میں حالات بدل سکتے ہیں، قطر
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا، ایران اور عمان کے درمیان رابطے جاری ہیں اور واشنگٹن کو امید ہے کہ موجودہ پیش رفت جلد ایک باضابطہ معاہدے کی صورت اختیارکرلے گی، جس سے خطے میں کشیدگی میں کمی اورعالمی توانائی کی منڈیوں میں استحکام آنے کا امکان ہے۔
