واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کی رضامندی کے بغیر ایران تک کوئی چیز نہیں پہنچ سکتی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران ملاقات کی درخواست کرتا ہے اور پھر بات چیت سے انکار بھی کر دیتا ہے۔ جبکہ تہران یہ دعویٰ کرتا ہے کہ وہ صرف عمان کے ساتھ معاملات طے کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی بحریہ کا آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول ہے اور امریکا کی رضامندی کے بغیر ایران تک کوئی چیز نہیں پہنچ سکتی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور یہ بات چیت ایران کی درخواست پر ہو رہی ہے، تاہم ایران کے پاس ایک اچھے معاہدے پر دستخط کرنے کا آخری موقع ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان بعض معاملات پر اختلافات موجود ہیں، لیکن دونوں ممالک کے درمیان رابطے جاری ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران بعض اوقات طویل مذاکرات کرتا ہے، تاہم بعد میں بات چیت سے انکار کر دیتا ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران نشانہ بننے سے بچنا چاہتا تھا، اسی لیے اس نے مذاکرات کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ روز ایران کو سخت نشانہ بنانے کا منصوبہ تھا، تاہم قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر کئی ممالک نے رابطہ کر کے حملہ نہ کرنے اور ایران کو ایک آخری موقع دینے کی درخواست کی۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز پر امریکہ کا مکمل کنٹرول ہے اور ایران کو وہاں سے گزرنے والے جہازوں پر ٹول ٹیکس عائد کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی قسم کا ٹول وصول کیا جائے گا تو وہ امریکہ کرے گا۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بحری ناکہ بندی ایران کے لیے “لوہے کی دیوار” ثابت ہو رہی ہے اور ایران کے پاس اب بھی ایک بہتر معاہدے پر دستخط کرنے کا آخری موقع موجود ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو کسی معاہدے یا ہتھیار ڈالنے کے بغیر کچھ حاصل نہیں ہو گا، جبکہ امریکا اس مسئلے کا حل نکالنے کی کوشش کر رہا ہے۔ یہ مسائل ایران نے خود کئی دہائیوں قبل پیدا کیے۔
امریکی صدر نے ایک بار پھر اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو کبھی بھی ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تیل کمپنیوں سے قیمتوں میں فوری کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تیل کی قیمتوں میں فوری کمی کریں۔
یہ بھی پڑھیں: ایران نے آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے سے متعلق خبروں کی تردید کر دی
ان کا کہنا تھا کہ تیل کمپنیاں قیمتیں فوری طور پر کم کریں تاکہ عوام کو ایندھن کی بڑھتی لاگت سے نجات مل سکے۔
