خیبر پختونخوا میں گزشتہ 2 ماہ کے دوران سکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس بیسڈ بنیادوں پر متعدد کارروائیاں کیں جس میں متعدد دہشتگرد ہلاک اور ان کے کئی ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے کٹھی کلی میں کارروائی کے دوران خوارج کے متعدد ٹھکانے تباہ کئے گئے، ہلاک دہشتگردوں سے بھاری مقدارمیں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ آپریشن کے دوران متعدد دہشتگردوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران دیسی ساختہ بموں کو بھی تباہ کیا۔ ان کارروائیوں میں زمینی اور کواڈ کاپٹر استعمال کیے گئے۔
سوات میں پولیس اور سی ٹی ڈی کا مشترکہ آپریشن ، 4 دہشتگرد ہلاک ، ایلیٹ فورس کا کانسٹیبل شہید
اس کے علاوہ باجوڑ کے علاقے شاکرو میں سکیورٹی فورسز نے موثر کارروائی کرتے ہوئے خوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
ذرائع نے بتایا کہ کارروائیوں میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے، سکیورٹی فورسز خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گی۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائیوں میں اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ رہے اور مقامی آبادی کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔
بنوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 24 خارجی دہشتگرد ہلاک، آئی ایس پی آر
واضح رہے گزشتہ روز قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ہنگو میں کارروائی کرتے ہوئے خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ پر حملے کے مبینہ ماسٹر مائنڈ کو ہلاک کر دیا تھا۔ چیک پوسٹ پر حملے میں ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار شہید اور 28 زخمی ہوئے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق چھپری نریاب کے قریب 15 سے 18 خوارج کی نقل و حرکت دیکھی گئی، کارروائی کے دوران انتہائی مطلوب دہشتگرد کو ہلاک کر دیا گیا۔
