اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا۔
اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 61 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 393 روپے 75 پیسے ہو گئی۔
ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 96 پیسے کی کمی کی گئی ہے۔ جس کے بعد ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 422 روپے 8 پیسے ہو گئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی اعلان کردہ نئی قیمتیں 22 ستمبر کے لیے ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تبدیلیوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد فی بیرل قیمت 100 ڈالر سے نیچے آگئی۔
رپورٹ کے مطابق امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت میں 5 فیصد سے زائد کمی ہوئی، جس کے بعد ڈبلیو ٹی آئی تقریباً 95 ڈالر فی بیرل کے قریب ٹریڈ کر رہا ہے۔
برطانوی خام تیل برینٹ کی قیمت میں ساڑھے 3 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد برینٹ 99 سے 100 ڈالر فی بیرل کے درمیان ٹریڈ کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں کمی کی بڑی وجہ ایران جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی پیش رفت کی امیدیں ہیں، جس کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی سپلائی سے متعلق خدشات میں کمی آئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔ جس میں امریکی تیل 1.58 فیصد کمی کے بعد 100.3 ڈالر فی بیرل پر آ گیا تھا۔


