ممبئی: سینئر بھارتی اداکارہ میتھو مکھرجی 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں، وہ گزشتہ ایک برس سے کینسر کے مرض سے نبردآزما تھیں اور ممبئی کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔
میتھو مکھرجی نے اپنے طویل فنی کیریئر کے دوران بالخصوص بنگالی فلم انڈسٹری میں نمایاں مقام بنایا اور 1970ء اور 1980ء کی دہائیوں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
خبررساں ادارے اے بی پی لائیو کے مطابق مجھکرجی بنگالی سنیما کی معروف اداکاراؤں میں شمار ہوتی تھیں اور اپنے دور کے متعدد نامور اداکاروں کے ساتھ کام کیا۔
انہوں نے بنگالی سنیما کے معروف اداکاروں اتم کمار، سومیترا چٹوپادھیائے اوررنجیت ملک کے ساتھ بھی مختلف فلموں میں اداکاری کی، ان کی اداکاری کو شائقین کی جانب سے سراہا جاتا رہا اوروہ کئی دہائیوں تک فلمی دنیا سے وابستہ رہیں۔
میتھو مکھرجی کی مشہوربنگالی فلموں میں مرجینا عبداللہ، نشی کانیا اورموچک سمیت دیگر فلمیں شامل ہیں، انہوں نے بنگالی سنیما کے علاوہ ہندی فلموں میں بھی کام کیا ان کی ہندی فلموں میں خان دوست، سفید جھوٹ، دل لگی اور دو لڑکے دونوں کٹکے شامل ہیں۔
اداکارہ کے انتقال پر بھارتی فلمی حلقوں کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا گیا۔ آل انڈیا سنیما ورکرز ایسوسی ایشن نے میتھو مکھرجی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فلمی دنیا میں ان کی خدمات اور فنی ورثے کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
ان کے ساتھی اداکار پروسین جیت چٹرجی نے بھی سوشل میڈیا پر اداکارہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
میتھو مکھرجی کے انتقال کی خبرسامنے آنے کے بعد بنگالی فلم انڈسٹری سے وابستہ فنکاروں اور مداحوں میں سوگ کی لہر دوڑ گئی جبکہ سوشل میڈیا پر بھی ان کے فنی سفر اور اداکاری کو یاد کیا جارہا ہے۔



