پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ڈپلومیٹک، آفیشل اور اسپیشل پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کے لیے ویزا کی شرط ختم کرنے کا معاہدہ طے پایا ہے۔
معاہدے پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کی سائیڈ لائن پر دستخط کیے۔
اسحاق ڈار نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط اور ادارہ جاتی تعاون مزید آسان ہوگا اور باہمی مفادات کے تمام شعبوں میں دیرینہ برادرانہ تزویراتی شراکت داری کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔
Pleased to announce that on the sidelines of #UNGA2026,
I signed today with my brother, His Highness Prince Faisal bin Farhan @FaisalbinFarhan, the “Agreement between Islamic Republic of Pakistan and Kingdom of Saudi Arabia on the abolition of visa requirements for holders of… pic.twitter.com/9w1F2z41f5— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) September 21, 2026
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاع سمیت مختلف شعبوں میں قریبی تعاون جاری ہے اور دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کے درمیان باقاعدگی سے رابطے ہوتے رہتے ہیں۔
اس سے قبل 7 اگست کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے مشترکہ دفاعی معاہدے پر بھی دستخط کیے تھے، جس کا مقصد اجتماعی سلامتی کو مضبوط بنانا، دفاعی تعاون بڑھانا اور خطے سمیت دنیا بھر میں امن و استحکام کو فروغ دینا ہے۔
اگست میں ہی دونوں ممالک نے پاکستانی زرعی اور غذائی مصنوعات کی سعودی عرب کو برآمدات 3 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔ یہ اتفاق سعودی وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمان الفضلی کی سربراہی میں سعودی وفد کے دورہ پاکستان کے دوران ہوا تھا۔
اس سے قبل جولائی میں سعودی عرب نے ایک سال کے لیے کارآمد ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا بھی متعارف کرایا تھا، جس کے تحت زائرین ایک سال کے دوران متعدد مرتبہ سعودی عرب جا سکتے ہیں، تاہم ہر سال مجموعی قیام کی مدت 90 دن تک محدود ہے۔
2024 میں سعودی عرب نے پاکستانی شہریوں کے لیے ٹورسٹ ویزا کی شرائط میں بھی نرمی کی تھی اور کم از کم 750 ڈالر ماہانہ کریڈٹ والی بینک اسٹیٹمنٹ کو مالی ثبوت کے طور پر قبول کرنے کی منظوری دی تھی۔
