پاکستان سنگل ونڈو نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ساتھ اپنے پلیٹ فارم کو مربوط کر دیا ہے، جس کے بعد صارفین گھر بیٹھے اپنے اسمارٹ فونز کے ذریعے بائیومیٹرک تصدیق کا عمل مکمل کر سکیں گے۔
نئی سہولت کے تحت پاکستان سنگل ونڈو صارفین کو سبسکرپشن، سبسکرپشن کی تجدید اور پروفائل اپ ڈیٹ کے لیے بائیومیٹرک تصدیق کرانے کی خاطر نادرا کے ای سہولت مرکز جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
اس سے قبل پاکستان سنگل ونڈو کی خدمات کے لیے بائیومیٹرک تصدیق لازمی تھی اور صارفین کو ذاتی طور پر نادرا کے ای سہولت مرکز میں جانا پڑتا تھا تاہم پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ساتھ انضمام کے بعد اہل صارفین نادرا کی مقررہ شرائط کے تحت اب یہ تصدیقی عمل آن لائن مکمل کر سکیں گے۔
سہولت سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو زیادہ فائدہ پہنچنے کا امکان
اس سہولت سے بالخصوص بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے جو ملک میں تجارتی سرگرمیوں سے وابستہ ہیں۔ اہل اوورسیز پاکستانی پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے پاکستان سنگل ونڈو کی بائیومیٹرک تصدیق گھر بیٹھے مکمل کر سکیں گے، جس سے اس مقصد کے لیے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی وطن آنے کی ضرورت کم ہو جائے گی۔
نئی سہولت کے نفاذ کے دوران صارفین کی آسانی کے لیے عبوری مدت میں بائیومیٹرک تصدیق کے دونوں طریقے دستیاب رہیں گے۔ صارفین پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے ڈیجیٹل بائیومیٹرک تصدیق مکمل کرنے یا نادرا کے ای سہولت مراکز کا سابقہ طریقہ اختیار کرنے میں سے کسی ایک کا انتخاب کر سکیں گے۔
PSW, in collaboration with NADRA, has introduced a #digital biometric verification option for PSW Subscriptions, Renewals, and Profile Updates. PSW users in Pakistan and eligible overseas Pakistanis can now complete their biometric verification remotely through the #PakID App, eliminating the only physical visit required in the #PSW subscription process and saving valuable time and travel costs.
During the transition period, biometric verification will remain available through both the PakID App and e-Sahulat Centres. Following the transition, PSW biometric verification services will fully move to the PakID App, subject to applicable #NADRA requirements.
This integration marks another step towards making PSW services more accessible, convenient and user-focused while supporting a seamless ease-of-doing-business experience.
— Pakistan Single Window (@PakSingleWindow) September 23, 2026
پاکستان سنگل ونڈو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید آفتاب حیدر کا کہنا ہے کہ نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ساتھ انضمام پاکستان اور بیرونِ ملک پاکستان سنگل ونڈو صارفین کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں بہتر سہولیات فراہم کرنے کے ہمارے عزم کا اظہار ہے۔
آن بورڈنگ کے عمل میں نادرا مراکز نہیں جانا پڑے گا
انہوں نے کہا کہ ریموٹ بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت متعارف کرانے سے آن بورڈنگ کے عمل میں نادرا مراکز نہیں جانا پڑے گا، جس سے پاکستان سنگل ونڈو صارفین کا سفر مزید آسان، قابل رسائی اور صارف دوست ہو جائے گا۔
پاکستان سنگل ونڈو کے مطابق اس انضمام کے نتیجے میں سبسکرپشن کا پورا عمل ڈیجیٹل طریقے سے مکمل کیا جا سکے گا۔
یہ اقدام پی ایس ڈبلیو کی ڈیجیٹل سہولیات کے استعمال کو فروغ دینے، رسائی بہتر بنانے اور کاروباری اداروں کے لیے طریقہ کار کو مزید آسان بنانے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔



