ملتان: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ میں وعدہ کرتا ہوں لیوی ختم کرائے بغیر پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا احتجاج اور دھرنے ختم نہیں ہوئے وہ بدستور جاری ہیں۔ اور وزیراعظم کے کہنے پر ابھی صرف لانگ مارچ کو روکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف وطن واپس آئیں گے تو پھر ان سے اس حوالے سے ملاقات ہو گی۔ وزیراعظم نے ریلیف دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی احتجاج پر بیٹھی ہوئی ہے گھر نہیں گئی۔ اور میں وعدہ کرتا ہوں کہ لیوی کو ختم کرائے بغیر پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
انہوں تحریک انصاف سے متعلق کہا کہ ان کا اپنا اور ہمارا اپنا ایجنڈا ہے۔ جبکہ حکومت کو تحریک انصاف کے ساتھ بات چیت کرنی چاہیے۔ عوام مہنگائی کی آگ میں جل رہی ہے اور انہوں نے ہماری تحریک میں بھرپور شرکت کی۔
اس سے قبل حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی عوام کے بنیادی مسائل پر بات کرتی ہے اور جماعت اسلامی نے 42 شہروں میں دھرنے دیئے۔ ہم نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف اپنی جدوجہد شروع کی اور حکومت کو بتایا ہے کہ اخراجات کہاں کہاں کم کیے جاسکتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت ہمارا پڑاؤ ملتان میں ہے اور ہمارے اہداف واضح ہیں۔ پیٹرول کی قیمت بڑھنے سے ہر چیز مہنگی ہو رہی ہے، لوگ پریشان ہیں اور ملک میں بدترین صورتحال ہے ایسے میں جماعت اسلامی عوام کی آواز بنی۔
جماعت اسلامی کا لانگ مارچ مؤخر کرنے کا اعلان
وزیراعظم شہباز شریف نے آج امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ٹیلی فونک گفتگو کی، جس کے بعد حافظ نعیم الرحمان نے کراچی سے شروع ہونے والا لانگ مارچ مؤخر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی پاکستان آمد تک ملتان میں پڑاؤ کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی جانب سے رابطے کے بعد پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ ہم اپنے لانگ مارچ اور احتجاج سے دستبردار نہیں ہوں گے، دھرنے اور کیمپ جاری رکھیں گے۔



