اسلام آباد: پشاور اسلام آباد موٹروے ایم ون کو کل بدھ سے تاحکم ثانی بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ون اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک کل بدھ کی شام سے ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔ اسلام آباد ٹول پلازہ، فتح جنگ، ترنول اور سنگجانی انٹرچینج بھی بند رہیں گے۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ براہمہ باہتر، برہان، ہزارہ موٹروے، غازی اور چھچھ انٹرچینج بھی بند کر دیئے جائیں گے۔
ترجمان کے مطابق موٹروے ایم 14 ہکلہ سے کنڈل تک دونوں اطراف ٹریفک کے لیے بند رہے گی، جبکہ ہکلہ، فتح جنگ، پنڈی گھیپ، کھڑپہ، تراپ اور داؤد خیل انٹرچینج بھی بند رہیں گے۔
موٹروے پولیس کے مطابق کوٹ بیلیاں، عیسیٰ خیل اور کنڈل انٹرچینج بھی بند رہیں گے۔ کل شام سے جی ٹی روڈ این 5 کو اٹک خورد کے مقام پر ٹریفک کے لیے بند کیا جائے گا۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق لاہور اسلام آباد موٹروے ایم ٹو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھلی رہے گی۔ تاہم اسلام آباد، راولپنڈی سمیت دیگر اضلاع سے شہری ایم ون موٹروے پر سفر کرنے سے گریز کریں۔
اہم ٹریفک ایڈوائزری
پشاور موٹروے (M-1) کل 23 ستمبر 2026 رات 11 بجے تاحکم ثانی ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔
جڑواں شہروں اسلام آباد و راولپنڈی سمیت دیگر اضلاع سے پشاور موٹروے (M-1) پر سفر کرنے سے گریز کریں اور غیر ضروری سفر مؤخر کریں۔
اس کے برعکس ایم 2 ( لاہور/اسلام آباد)…
— Islamabad Police (@ICT_Police) September 22, 2026
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے بانی عمران خان کی رہائی کے لیے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔ جبکہ پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی، رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے عمران خان کی تینوں بہنوں کو بھی ایم پی او تھری کے تحت 30 روز کے لیے نظر بند کر دیا گیا ہے۔ جبکہ وفاقی دارالحکومت کے تمام داخلی و خارجی راستوں کے اطراف کنٹینرز رکھ دیئے گئے ہیں۔



