کراچی کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور متعدد افراد گھروں، دفاتر اور دکانوں سے باہر نکل آئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 2.9 ریکارڈ کی گئی۔ ادارے کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز کراچی ہی تھا، جبکہ اس کی گہرائی زمین کے اندر 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
زلزلے کے جھٹکے مختصر دورانیے کے تھے، تاہم شہریوں نے انہیں واضح طور پر محسوس کیا، کئی علاقوں میں لوگوں نے احتیاطاً کھلی جگہوں کا رخ کیا جبکہ سوشل میڈیا پر بھی زلزلے سے متعلق اطلاعات تیزی سے گردش کرتی رہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم متعلقہ ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق کم شدت کے زلزلے عموماً زیادہ نقصان کا باعث نہیں بنتے تاہم شہریوں کو قدرتی آفات کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں اورغیر مصدقہ اطلاعات پر یقین کرنے کے بجائے سرکاری ذرائع سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے۔
جاپان میں شدید زلزلہ، کئی عمارتیں منہدم، سونامی الرٹ جاری
خیال رہے کہ دو دن پہلے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.0 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کا مرکز بلوچستان کے علاقے رکھنی سے تقریباً 5 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع تھا۔
دوسری جانب 28 جولائی کوجاپان کے جنوبی جزیرے کیوشو کے کوماموتو صوبے میں 7.1 شدت کے طاقتور زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے نتیجے میں کئی عمارتیں منہدم اور متعدد افراد زخمی ہو گئے تھے۔
جاپانی حکومت نے زلزلے کے بعد کوماموتو، ناگاساکی، کاگوشیما، فوکوؤکا، ساگا، اوئیتا اور میازاکی سمیت جنوبی کیوشو کے متعدد صوبوں میں ہنگامی زلزلہ الرٹ جاری کر دیا تاہم تقریباً 2 گھنٹے بعد سمندر میں غیر معمولی سرگرمی نہ ہونے پر یہ انتباہ واپس لے لیا گیا تھا۔
