دبئی: ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پاکستان کے فاسٹ باؤلرز خرم شہزاد اور محمد عباس کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تادیبی کارروائی کرتے ہوئے جرمانہ عائد کر دیا۔
آئی سی سی کے مطابق فاسٹ باؤلر خرم شہزاد پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ محمد عباس کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر باضابطہ طور پر سرزنش کی گئی۔
آئی سی سی نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کر دیا گیا۔
بیان کے مطابق خرم شہزاد نے ویسٹ انڈیز کے کپتان شائی ہوپ کے آؤٹ ہونے پر جبکہ محمد عباس نے جومل واریکن کی وکٹ لینے کے بعد جشن منانے کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ دونوں پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری کی جانب سے دی گئی سزاؤں کو قبول کر لیا، جس کے باعث باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو 90 رنز سے شکست دی۔
پاکستان کی ٹیم 211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 120 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ سلمان آغا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ اذان اویس، امام الحق اور شان مسعود 3،3 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔
علی عثمان نے 2 ،خرم شہزاد نے 4 رنز بنائے، عامر جمال اور محمد علی صفر پر آوٹ ہوئے جبکہ کپتان بابر اعظم 58 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ پاکستان کے8 کھلاڑی ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہو سکے۔
ویسٹ انڈیز نے چوتھے دن کا آغاز اپنی دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز سے کیا اور پوری ٹیم 181 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ ویسٹ انڈیز کو مجموعی طور پر 210 رنز کی برتری ملی۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے پانچ خرم شہزاد اور محمد علی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
یہ بھی پڑھیں: چُٹکی بجا کر امپائر کو دھوکا،کرکٹ میچ جو دنیا بھر میں وائرل ہوگیا
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 311 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں پاکستان کی ٹیم 282 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔ جبکہ پاکستان کی ٹیم 282 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی۔
