برطانیہ کی ایک مقامی کرکٹ لیگ کا بظاہر معمولی سا میچ ایک منفرد تنازع کے باعث عالمی خبروں کی زینت بن گیا، جہاں ایک فیلڈر پر انگلیوں سے چٹکی بجا کر امپائر کو دھوکہ دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
یہ واقعہ نارتھ یارکشائر اینڈ ساؤتھ ڈرہم کرکٹ لیگ کے سیکنڈ الیون ڈویژن ٹو میں سالٹ برن اور نورٹن کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران پیش آیا۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب نورٹن کے بلے باز نعمان شبیر کے قریب سے گیند گزرتی ہے تو شارٹ لیگ پر موجود ایک فیلڈر مبینہ طور پر انگلیوں سے چٹکی بجاتا ہے۔ اگلے ہی لمحے وکٹ کیپر جوش بوز گیند کو کیچ کر لیتے ہیں اور پوری ٹیم زور دار اپیل کرتی ہے، جس پر امپائر بلے باز کو آؤٹ قرار دے دیتے ہیں۔
One of their opposing batsman called the behaviour out as well. You can see the fatty at first slip (Brian Devine) click with his fingers covered @Saltburncc @NorthallertonCC https://t.co/5AUDaGEd4Z pic.twitter.com/mBbbe8vRJN
— Baz (@baz_2939) July 27, 2026
ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کیا کہ چٹکی بجانے کا مقصد ایسی آواز پیدا کرنا تھا جس سے امپائر کو یہ تاثر ملے کہ گیند بلے کا کنارہ لے کر وکٹ کیپر کے ہاتھوں میں گئی ہے۔ اسی بنیاد پر بولنگ ٹیم پر مبینہ دھوکہ دہی کا الزام لگایا جا رہا ہے۔
واقعے کے بعد نارتھ یارکشائر اینڈ ساؤتھ ڈرہم کرکٹ لیگ نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ ڈویژن ٹو کے اس میچ کے حوالے سے باضابطہ شکایت موصول ہوئی ہے۔ لیگ کے مطابق معاملے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور قانونی و انتظامی کارروائی مکمل ہونے تک مزید تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔
ویسٹ انڈیز نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 90 رنز سے شکست دیدی
اس میچ میں سالٹ برن نے نورٹن کو 159 رنز سے شکست دے کر نہ صرف کامیابی حاصل کی بلکہ ڈویژن ٹو میں 18 پوائنٹس کی برتری کے ساتھ اپنی پہلی پوزیشن بھی مستحکم کر لی۔
دوسری جانب سالٹ برن کے وکٹ کیپر جوش بوز بھی اس وقت غیر معمولی کارکردگی کے باعث توجہ کا مرکز ہیں۔ انہوں نے گزشتہ ہفتے ایک میچ میں آٹھ کیچز پکڑ کر مقامی سطح پر نئی بحث چھیڑ دی تھی، جبکہ وہ اس سیزن میں مجموعی طور پر 31 کیچز کے ساتھ لیگ کے کامیاب ترین وکٹ کیپر بھی ہیں۔
ادھر مڈلزبرا سیکنڈ الیون کے کپتان روری کوٹریل نے بھی سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا ہے کہ سالٹ برن کے خلاف اپنے میچ میں انہیں بھی اسی نوعیت کے مزید دو مشتبہ واقعات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اگرچہ ان الزامات کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی، تاہم ان دعوؤں نے معاملے کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔
بنگلا دیشی آل راؤنڈر محمد سیف الدین نے زمبابوے کے خلاف میچ میں تاریخ رقم کر دی
واقعے کی اصل ویڈیو کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لاکھوں مرتبہ دیکھا جا چکا ہے، جبکہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور دیگر ممالک کے ذرائع ابلاغ بھی اس غیر معمولی تنازع کو نمایاں انداز میں رپورٹ کر رہے ہیں۔
