نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے افغانستان کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں تجارت، معاشی شراکت داری اور علاقائی روابط کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے دہشت گردی کے خطرے کا خاتمہ اور ہمسایہ ممالک کے سکیورٹی خدشات دور کرنا ناگزیر ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے کونسل کے 30ویں اجلاس کے دوسرے روز خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان دیکھنا چاہتا ہے جو علاقائی تجارت اور روابط کے منصوبوں میں بھرپور کردار ادا کرسکے تاہم اس مقصد کے لیے افغان حکام کو ہمسایہ ممالک کے جائز تحفظات، خصوصاً دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنا ہوگا۔
پاکستان کی میزبانی میں اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے کونسل کا 30واں اجلاس ”علاقائیت کی بحالی، مضبوط اور مستحکم ای سی او کے لیے“ کے عنوان سے اسلام آباد میں منعقد ہو رہا ہے۔ اجلاس میں ایران، ترکیہ، آذربائیجان اور قازقستان سمیت رکن ممالک کے وفود شریک ہیں، جبکہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے نمائندے بھی موجود ہیں۔
اسحاق ڈار نے اپنے خطاب میں کہا کہ افغانستان کی خوشحالی نہ صرف افغان عوام بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے کیونکہ اس سے تجارت، ٹرانزٹ اور معاشی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔ علاقائی معاشی انضمام کے لیے محفوظ ماحول بنیادی ضرورت ہے کیونکہ تنازعات اور عدم استحکام تجارتی راستوں، توانائی کی فراہمی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کو متاثر کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امن اور ترقی ایک دوسرے کو تقویت دیتے ہیں، معاشی تعاون ممالک کے درمیان استحکام کے مشترکہ مفادات پیدا کرتا ہے جبکہ بدامنی ترقی کے بہترین منصوبوں کو بھی نقصان پہنچا سکتی ہے۔
اسحاق ڈار نے علاقائی تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق مسائل کے پُرامن حل کا حامی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دفتر خارجہ علاقائی ممالک اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ رابطے میں رہے ہیں تاکہ پُرامن حل کی راہ ہموار کی جاسکے۔
ای سی او کی سربراہی کے لیے پاکستان کی 5 ترجیحات
اسحاق ڈار نے ای سی او کی 2027-2026ء کی سربراہی کے لیے پاکستان کی 5 ترجیحات بھی بیان کیں جن میں تجارت و سرمایہ کاری، علاقائی روابط، تجارتی انتظامات کی جدید کاری، ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت اور انسانی ترقی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ای سی او خطہ قدرتی وسائل، توانائی کے ذخائر، زرعی صلاحیت اور جغرافیائی اہمیت سے مالا مال ہے تاہم اس صلاحیت کو خوشحالی میں بدلنے کے لیے مضبوط معاشی روابط ضروری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان منڈیوں تک رسائی بڑھانے، علاقائی ویلیو چین مضبوط بنانے اور نجی شعبے، خصوصاً چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی شمولیت بڑھانے کے لیے کام کرے گا۔
انہوں نے وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور بحیرہ عرب کی بندرگاہوں کے درمیان رابطوں کو مضبوط بنانے پر بھی زور دیا اور کہا کہ کسٹمز طریقہ کار میں ہم آہنگی، سرحدی انتظامات میں بہتری اور قابلِ اعتماد ٹرانزٹ نظام تجارتی راستوں کو مؤثر بنانے کے لیے ضروری ہیں۔
اسحاق ڈار نے موسمیاتی تبدیلی، قدرتی آفات اور پانی و توانائی کے وسائل پر بڑھتے دباؤ کو ای سی او ممالک کے لیے بڑے چیلنجز قراردیتے ہوئے آفات سے نمٹنے کی تیاری، پیشگی اطلاع کے نظام، پانی کے پائیدار انتظام اور موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت رکھنے والے بنیادی ڈھانچے میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
نائب وزیراعظم نے تعلیم، تحقیق، جدت اور فنی تربیت میں سرمایہ کاری بڑھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو بدلتی ہوئی معیشتوں کی ضروریات کے مطابق مہارتیں فراہم کرنا ضروری ہے۔کاروباری سرگرمیوں اور پیشہ ورانہ تبادلوں کا فروغ بھی علاقائی تعاون کی بنیاد مضبوط بنا سکتا ہے۔
ای سی او تجارتی معاہدے کو جدید بنانے پر زور
نائب وزیراعظم نے ای سی او تجارتی معاہدے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کو بھی پاکستان کی ترجیحات میں شامل قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں رکن ممالک کے وزرائے تجارت کی جانب سے نومبر 2025ء میں منظور کردہ مذاکراتی حکمت عملی اور روڈ میپ بنیاد فراہم کرتے ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ایک مؤثر، جامع اور ڈیجیٹل سہولتوں سے آراستہ علاقائی تجارتی نظام کے لیے رکن ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گا۔
انہوں نے اقتصادی تعاون کے اسٹریٹجک اہداف 2026ء تا 2035ء کو حتمی شکل دینے کی پیش رفت کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ یہ فریم ورک آئندہ دہائی کے لیے تنظیم کی ترجیحات کا تعین کرنے میں مدد دے گا۔
ای سی او اجلاس سے عملی نتائج حاصل کرنے پر زور
اسحاق ڈار نے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ محض اعلانات اور بات چیت تک محدود رہنے کے بجائے ایسے عملی اقدامات کریں جن کے نتائج تجارت، ٹرانسپورٹ اور معاشی مواقع میں بہتری کی صورت میں سامنے آئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جغرافیائی قربت کو علاقائی روابط، روابط کو تجارت اور تجارت کو عوام کی پائیدار خوشحالی میں بدلنا ہوگا۔ای سی او کی کامیابی کا اصل پیمانہ صرف کیے گئے وعدے نہیں بلکہ خطے کے عام لوگوں کی زندگیوں میں آنے والی بہتری ہوگی۔

