فیفا نے اسپین اور ارجنٹینا کے درمیان کھیلے گئے ورلڈ کپ فائنل کے بعد ہونے والی ہنگامہ آرائی کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے ایک خصوصی ڈسپلنری اور ایتھکس پراسیکیوٹر مقرر کردیا ہے۔
ورلڈ فٹبال کی گورننگ باڈی فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے اختتام پر اسپین اور ارجنٹینا کے کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والی شدید جھڑپ کا نوٹس لیتے ہوئے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
عالمی چیمپئن اسپین نے ارجنٹینا سے پہلی پوزیشن چھین لی،نئی فیفا رینکنگ جاری
فیفا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے ایک ڈسپلنری اور ایتھکس پراسیکیوٹر مقرر کیا گیا ہے، جو میچ کے بعد پیش آنے والے تمام واقعات کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔ تاہم فیفا نے یہ نہیں بتایا کہ تحقیقات کب مکمل ہوں گی۔
ورلڈ کپ کے سنسنی خیز فائنل میں اسپین نے اضافی وقت میں فیران ٹوریس کے فیصلہ کن گول کی بدولت ارجنٹینا کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر اپنی تاریخ کا دوسرا عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا۔
میچ کے اختتامی لمحات میں کشیدگی اس وقت بڑھ گئی جب ارجنٹینا کے مڈفیلڈر اینزو فرنانڈیز کو مقررہ وقت کے 93ویں منٹ میں دوسرا پیلا کارڈ ملنے پر میدان سے باہر بھیج دیا گیا، جس کے بعد ارجنٹینا نے میچ کے آخری لمحات 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلے۔
فیفاورلڈ کپ فائنل کے بعد سوشل میڈیا پر میمز کا دلچسپ طوفان
حتمی سیٹی بجتے ہی ارجنٹینا کے مڈفیلڈر لیانڈرو پاریدیس کی اسپین کے متعدد کھلاڑیوں، جن میں ایرک گارشیااور گاوی بھی شامل تھے، کے ساتھ تلخ کلامی ہوگئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے دھکم پیل اور ہاتھا پائی میں تبدیل ہوگئی۔
دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئے اور صورتحال اس قدر کشیدہ ہوگئی کہ ٹیم آفیشلز اور سیکیورٹی عملے کو بیچ بچاؤ کرنا پڑا۔ اس دوران ارجنٹینا کے ہیڈ کوچ لیونل اسکالونی بھی میدان میں آئے اور اپنے کھلاڑیوں کو پرسکون کرنے کی کوشش کرتے رہے۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے بہترین کھلاڑی کون رہے ؟
فیفا کے ضابطہ اخلاق کے تحت تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ملوث کھلاڑیوں اور آفیشلز کے خلاف جرمانے، معطلی یا دیگر تادیبی کارروائی کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے، تاہم حتمی فیصلہ تحقیقاتی رپورٹ سامنے آنے کے بعد کیا جائے گا۔
