اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف سے کینیڈین وزیر خارجہ کی ملاقات کے دوران تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی. جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر رانا تنویر حسین، وزیر اعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کینیڈین وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوستانہ تعلقات کو تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، ایگری فوڈز، ویکسین سازی، قابل تجدید توانائی، آٹوموبائل اور آٹو پارٹس کے شعبوں میں مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
شہباز شریف نے کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا اور کہا کہ وہ ان سے جلد ملاقات کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے اپریل میں ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے خطے میں امن کی کوششوں کے لیے پاکستان کی حمایت پر کینیڈا کا شکریہ بھی ادا کیا۔
کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے پرتپاک استقبال پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ دورہ وزیر اعظم مارک کارنی کی ہدایت پر دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مقصد سے کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے زراعت، معدنیات، توانائی، آٹوموبائل اور آٹو پارٹس کے شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فارن انویسٹمنٹ پروموشن اینڈ پروٹیکشن ایگریمنٹ (ایف آئی پی پی اے) پاکستان میں کینیڈین سرمایہ کاروں کے اعتماد کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
Islamabad : 20 July , 2026.
H.E. Ms. Anita Anand, Foreign Minister of Canada, who is on an official visit to Pakistan, called on Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif at the Prime Minister House, earlier today.
Deputy Prime Minister & Foreign Minister Sen. Mohammad Ishaq Dar,… pic.twitter.com/SeqbYZQo7l
— Prime Minister’s Office (@PakPMO) July 20, 2026
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی برادری دونوں ممالک کے درمیان مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔ جبکہ تجارت اور معدنیات کے شعبوں میں وفود کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔
ملاقات کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے کینیڈا سے پاکستان کو کینولا کی درآمد کے لیے فائٹو سینیٹری ضوابط کے پروٹوکول پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔ اس معاہدے پر پاکستان کی جانب سے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور کینیڈا کی جانب سے وزیر خارجہ انیتا آنند نے دستخط کیے۔

