فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک صفر سے شکست دے کر اسپین نے مینز فٹبال ورلڈ کپ کا تاج اپنے سر سجایا اور اس کے ساتھ ہی فٹبال کی تاریخ میں ایک منفرد اعزاز بھی اپنے نام کر لیا۔

اس تاریخی فتح کے بعد اسپین بیک وقت مردوں اور خواتین دونوں کے فٹبال ورلڈ کپ کا عالمی چیمپئن بننے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا۔
اسپین کی خواتین کی ٹیم نے 2023 میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں منعقدہ فیفا ویمنز ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ کو ایک صفر سے شکست دے کر پہلی مرتبہ عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ اب مردوں کی ٹیم کی کامیابی نے اسپین کو فٹبال کی تاریخ میں ایک منفرد مقام دلا دیا ہے۔

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین نے دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کے خلاف منظم اور جارحانہ کھیل پیش کیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، تاہم اسپین نے فیصلہ کن گول کرکے ایک صفر سے کامیابی حاصل کی اور ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیت لیا۔
