فرانس کے اسٹار فٹبالر کلیان ایمباپے نے فیفا ورلڈکپ 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈن بوٹ ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔
ایمباپے نے ایونٹ میں مجموعی طور پر 10 گول اسکور کیے اور سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔
ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی نے ٹورنامنٹ میں 8 گول کیے، تاہم وہ ایمباپے سے دو گول پیچھے رہے، ایمباپے کی غیر معمولی کارکردگی نے انہیں عالمی فٹبال کی تاریخ میں ایک منفرد مقام دلایا۔
اس کامیابی کے ساتھ ایمباپے فیفا ورلڈکپ کی تاریخ میں مسلسل دو ٹورنامنٹس میں گولڈن بوٹ جیتنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ اس سے قبل انہوں نے قطر میں کھیلے گئے 2022 کے ورلڈکپ میں بھی 8 گول اسکور کرکے یہی اعزاز اپنے نام کیا تھا۔
اسپین نے ارجنٹینا کو شکست دے کر دوسری بار فیفا ورلڈکپ جیت لیا
2026 کے عالمی کپ میں ایمباپے نے اپنی برق رفتار کھیل، شاندار فنشنگ اور جارحانہ انداز سے مداحوں اور ماہرین کو متاثر کیا۔
ان کی مسلسل دوسری گولڈن بوٹ جیت کو انفرادی سطح پر ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جس نے انہیں موجودہ دور کے عظیم ترین اسٹرائیکرز کی صف میں مزید نمایاں کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ فیفا فٹبال ورلڈکپ 2026 کے سنسنی خیز فائنل میں اسپین نے دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو 0-1 سے شکست دے کر دوسری بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
نیوجرسی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، جہاں مقررہ 90 منٹ تک کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی، نتیجہ نہ نکلنے پر میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لیے 30 منٹ کا اضافی وقت دیا گیا جس میں106 ویں منٹ میں اسپین کے کھلاڑی ڈیوریس نے گول کردیا۔
