فیفا ورلڈکپ 2026 کے فائنل سے قبل ٹورنامنٹ کے ڈسپلن سے متعلق جاری اعداد و شمار نے ایک دلچسپ تصویر پیش کر دی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق دفاعی اور جسمانی کھیل کے لیے مشہور ارجنٹینا پورے ایونٹ میں سب سے زیادہ فاؤلز کرنے والی ٹیم رہی، تاہم یلو اورریڈ کارڈز کے حوالے سے صورتحال دیگر ٹیموں سے مختلف دکھائی دی۔
دستیاب اعداد و شمارکے مطابق ارجنٹینا نے اب تک اپنے حریفوں کے خلاف مجموعی طور پر 88 فاؤلز کیے، جو ٹورنامنٹ میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ تعداد ہے اس کے باوجود ارجنٹائن کے کھلاڑیوں کو صرف 9 یلو کارڈز دکھائے گئے جبکہ کسی بھی کھلاڑی کو ریڈ کارڈ نہیں ملا۔
اس کے برعکس یلو کارڈز کی فہرست میں مصر سرفہرست رہا، جسے 12 یلو کارڈز دکھائے گئے، حالانکہ مصری کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر 59 فاؤلز کیے، جوارجنٹینا سے 29 کم ہیں اسی طرح کینیڈا نے 72 فاؤلز کیے لیکن اسے 11 یلو کارڈز کا سامنا کرنا پڑا، جو ارجنٹینا سے دو زیادہ ہیں۔
دیگر ٹیموں کے اعداد و شمار بھی دلچسپ رہے۔ سوئٹزرلینڈ نے 87 فاؤلز کیے اور اسے 8 یلو کارڈز ملے جبکہ اسپین نے 80 فاؤلز کے باوجود صرف 6 یلو کارڈزحاصل کیے، انگلینڈ نے 73 فاؤلز کیے اور اس کے کھلاڑیوں کو 8 یلو کارڈز دکھائے گئے۔
ماہرین کے مطابق صرف فاؤلز کی تعداد کودیکھ کر کسی ٹیم کے خلاف ریفری کے فیصلوں کا اندازہ لگانا درست نہیں، کیونکہ ہر فاؤل کی نوعیت، شدت، میچ کی صورتحال اور کھیل کے بہاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے ریفری فیصلہ کرتا ہے کہ صرف فری کک دی جائے، یلو کارڈ دکھایا جائے یا ریڈ کارڈ۔
فیفا ورلڈ کپ: ارجنٹینا کی ٹیم پر ممکنہ کارروائی کے بادل منڈلانے لگے
اعداد و شمار کے مطابق ارجنٹینا سب سے زیادہ فاؤلز کرنے کے باوجود پورے ٹورنامنٹ میں ریڈ کارڈ سے محفوظ رہی، جبکہ سوئٹزرلینڈ، بیلجیئم، انگلینڈ اور پیراگوئے کو ایک، ایک ریڈ کارڈ کا سامنا کرنا پڑا۔
فائنل میں اسپین کے خلاف میدان میں اترنے والی ارجنٹینا کے یہ اعداد و شمار اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ ٹیم نے دفاعی حکمت عملی اور جسمانی کھیل پر زیادہ انحصار کیا۔ تاہم ریفریز نے بیشترمواقع پر فاؤلز کی نوعیت اور شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے نسبتاً نرم تادیبی کارروائی کی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ فاؤلزاورکارڈز کے اعداد و شمار یقیناً دلچسپی کا باعث ہیں، لیکن انکی بنیاد پرریفری کے معیار یا جانبداری کے بارے میں کوئی حتمی نتیجہ اخذ نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ ہر میچ اور ہرفاؤل کے حالات ایک دوسرے سے مختلف ہوتے ہیں۔
