امریکا کی ریاست الاباما میں ایک اینٹیک (نوادرات) کی دکان اس وقت غیر معمولی واقعے کا شکار ہوگئی جب ایک ہرن اچانک شیشے کی سامنے والی دیوار توڑ کر دکان کے اندر گھس آیا اور قیمتی سامان کو نقصان پہنچا دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ریاست الاباما کے شہر ڈوتھن میں واقع ’’بلیو ڈیزی اینٹیک‘‘ نامی دکان میں منگل کی دوپہر تقریباً 12 بج کر 42 منٹ پر پیش آیا۔
تین سال تک کسی سے حل نہ ہونے والی پہیلی آخرکار ایک انجینیئر نے حل کردی
دکان کی مالک میری کے فلوئیڈ نے بتایا کہ ہرن تیزی سے سامنے کے شیشے کو توڑتے ہوئے اندر داخل ہوا، جس کے نتیجے میں دکان کے داخلی حصے کو نقصان پہنچا، جبکہ نوادرات پر مشتمل ایک اسٹال بھی بری طرح متاثر ہوا۔
دکان کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر واقعے کے بعد کی تصاویر بھی شیئر کی گئیں، جن میں ٹوٹے ہوئے شیشے، بکھرا ہوا سامان اور متاثرہ اسٹال واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
مالک کے مطابق ہرن کچھ دیر تک دکان کے اندر گھومتا رہا اور گھبراہٹ کے باعث مختلف اشیا سے ٹکراتا رہا، جس سے متعدد نوادرات کو نقصان پہنچا۔
اسی دوران دکان کے ایک حاضر دماغ ملازم نے فوری طور پر ایک دروازہ کھول دیا، جس کے بعد ہرن محفوظ طریقے سے دکان سے باہر نکل گیا اور مزید نقصان سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔
چیونٹیاں میٹھی چیز تک اتنی جلدی کیسے پہنچ جاتی ہیں؟ سائنس نے حیران کن راز کھول دیا
میری کے فلوئیڈ کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں دکان کے شیشوں، فرنیچر اور متعدد قیمتی اشیا کو نقصان ضرور پہنچا، تاہم خوش قسمتی سے نہ کوئی گاہک یا ملازم زخمی ہوا اور نہ ہی ہرن کو کوئی چوٹ آئی۔
واقعے کے بعد دکان کو مکمل طور پر بند نہیں کیا گیا بلکہ معمول کے مطابق کاروبار جاری رکھا گیا۔ تاہم حفاظتی اقدامات کے تحت گاہکوں کو مرکزی داخلی راستے کے بجائے متبادل راستے سے دکان میں داخل ہونے کی ہدایت کی گئی۔
67 ملین سال پرانا ٹی ریکس ’گس‘ نیلامی کیلئے تیار، قیمت 3 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرنے کا امکان
یہ غیر معمولی واقعہ سوشل میڈیا پر بھی توجہ کا مرکز بن گیا، جہاں صارفین نے ہرن کے اچانک دکان میں داخل ہونے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے مختلف دلچسپ تبصرے کیے، جبکہ کئی افراد نے اس بات پر اطمینان ظاہر کیا کہ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
